اترپردیش مدرسہ بورڈ مارچ سے مدارس میں این سی ای آر ٹی کا نصاب متعارف کرائے گا
نئی دہلی، جنوری 3: اے این آئی کی خبر کے مطابق اتر پردیش بورڈ مدرسہ بورڈ مارچ میں شروع ہونے والے اگلے تعلیمی سیشن سے مدرسوں میں نیشنل کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ یعنی NCERT کا نصاب متعارف کرائے گا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق مدرسہ ایجوکیشن کونسل کے چیئرپرسن افتخار احمد جاوید نے کہا ’’مذہبی تعلیم کے ساتھ جدید تعلیم بھی دی جائے گی۔ اب مدرسے کے بچے کمپیوٹر، ریاضی اور سائنس پڑھ سکیں گے۔‘‘
نومبر میں اتراکھنڈ میں وقف بورڈ نے بھی ریاست بھر میں چلنے والے تمام 103 مدارس میں NCERT کا نصاب متعارف کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اتراکھنڈ وقف بورڈ نے بھی اس سال کے تعلیمی سیشن سے فیصلہ کیا ہے کہ مدارس تمام مذاہب کے بچوں کے لیے کھلے رہیں گے اور اسلامی اسکولوں میں تعلیم کو جدید بنانے کی کوششوں کے حصے کے طور پر یکساں لباس کوڈ متعارف کرایا جائے گا۔
اتراکھنڈ وقف بورڈ کے چیئرمین شاداب شمس نے دی ہندو کو بتایا تھا ’’مدارس کے طلبا کو مرکزی دھارے میں لانے کی کوششیں ہماری ترجیح ہیں۔ ہم آنے والے سالوں میں مدارس کے لیے CBSE [سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن] یا اتراکھنڈ اسٹیٹ بورڈ سے الحاق حاصل کرنے کی بھی کوشش کریں گے۔‘‘
ستمبر میں اتر پردیش حکومت نے غیر تسلیم شدہ مدارس کا سروے شروع کیا تھا، تاکہ دیگر تفصیلات کے علاوہ فنڈز کے ذرائع، اساتذہ کی تعداد، نصاب جیسی معلومات اکٹھی کی جا سکیں۔
حکومت کے سروے کے اس فیصلے نے مدارس اور مسلم گروپوں میں تشویش پیدا کی تھی۔ جمعیت علماے ہند نے اس سروے کو مسلم اداروں کو بدنام کرنے کی بدنیتی پر مبنی کوشش قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ ہر قیمت پر مدارس کی حفاظت کریں گے۔