یو پی اسمبلی انتخابات: بی جے پی کے منشور میں زبردستی مذہب تبدیل کروانے والوں کے خلاف سخت سزا کا وعدہ
نئی دہلی، فروری 8: اتر پردیش کے لیے اپنے انتخابی منشور میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے آج اعلان کیا کہ اگر پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو ’’لو جہاد‘‘ کے مجرم پائے جانے والوں کو 10 سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا دی جائے گی۔
’’لو جہاد‘‘ ایک سازشی نظریہ ہے جس کی حمایت ہندوتوا کے کارکنوں نے کی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مسلمان مرد ہندو خواتین کو بعد میں اسلام قبول کروانے کے مقصد سے انھیں شادی کے لیے راغب کرتے ہیں۔
اتر پردیش بی جے پی کی حکومت والی ان کئی ریاستوں میں سے ایک ہے جہاں تبدیلیِ مذہب مخالف قانون نافذ کیا گیا ہے۔ تاہم اس قانون میں فی الحال زبردستی مذہب کی تبدیلی کے معاملات میں 15,000 روپے جرمانے کے ساتھ ایک سے پانچ سال تک کی قید کی دفعات ہیں۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ کے ذریعہ جاری کردہ منشور میں بی جے پی نے ہولی اور دیوالی پر خواتین کو ایل پی جی سلنڈر مفت دینے کا وعدہ بھی کیا۔ پارٹی نے کالج جانے والی طالبات کے لیے مفت دو پہیہ گاڑیوں اور 60 سال سے زیادہ عمر کی خواتین کے لیے مفت پبلک ٹرانسپورٹ کا بھی وعدہ کیا ہے۔
شاہ نے دعویٰ کیا کہ آدتیہ ناتھ حکومت نے 212 میں سے 92 فیصد وعدوں کو پورا کیا ہے جو پارٹی نے 2017 کے اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے منشور میں کیے تھے۔
انھوں نے دعویٰ کیا کہ یہ بی جے پی کا ورک کلچر ہے کہ ہم جو کہتے ہیں وہی کرتے ہیں۔
بی جے پی نے ریاست کی فی کس آمدنی کو دوگنا کرنے اور 10 لاکھ کروڑ روپے تک کی سرمایہ کاری کرنے کا وعدہ بھی کیا۔
پارٹی نے تمام کسانوں کے لیے آب پاشی کے لیے مفت بجلی کا وعدہ کیا اور کہا کہ اس سے کم از کم امدادی قیمت کے نظام کے تحت گندم اور دھان کی خریداری کے عمل کو تقویت ملے گی۔ منشور میں ہر خاندان کے کم از کم ایک فرد کو نوکری دینے کا وعدہ کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ ریاست بھر میں چھ میگا فوڈ پارکس تیار کیے جائیں گے۔
طلبا اور نوجوانوں کے لیے بی جے پی نے کہا کہ یونین پبلک سروس کمیشن، اتر پردیش ماتحت خدمات سلیکشن کمیشن اور نیشنل ڈیفنس اکیڈمی کے امتحانات کے امیدواروں کو مفت کوچنگ دی جائے گی۔
پارٹی نے کہا کہ وہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرے گی اور سرکاری اکیڈمیوں کے کھلاڑیوں کو مفت کھیلوں کی کٹس فراہم کرے گی۔ صحت کے شعبے میں پارٹی نے سرکاری عہدوں پر 6,000 ڈاکٹروں اور 10,000 پیرا میڈیکل اسٹاف کو بھرتی کرنے کا وعدہ کیا۔
403 سیٹوں والی اتر پردیش اسمبلی کے انتخابات جمعرات سے 7 مارچ تک سات مرحلوں میں ہوں گے۔ نتائج کا اعلان 10 مارچ کو کیا جائے گا۔