یوپی: وزیر اعلی کے امیدوار کا فیصلہ انتخابات کے بعد ہوگا، بی جے پی کے ریاستی وزیر کا بیان
نئی دہلی، جون 22: اتر پردیش کے وزیر سوامی پرساد موریہ نے کہا ہے کہ ریاست کے اگلے وزیر اعلی کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار کا فیصلہ آئندہ سال اسمبلی انتخابات ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
موریہ نے اتوار کے روز نامہ نگاروں کو بتایا ’’مرکزی قیادت کے ذریعہ اسمبلی انتخابات کے بعد وزیر اعلیٰ کے بارے میں حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔‘‘
سوامی پرساد موریہ کا تبصرہ ان کے کابینہ کے ساتھی اور نائب وزیر اعلی کیشو پرساد موریہ کے خیال کے موافق جنھوں نے گذشتہ ہفتے کہا تھا کہ فیصلہ پارٹی کی مرکزی قیادت ہی کرے گی۔
تاہم کیشو پرساد موریہ کے تبصرے کے کچھ دن بعد بی جے پی کی ریاستی یونٹ کے سربراہ سوتنترا دیو سنگھ نے کہا کہ بی جے پی موجودہ وزیر اعلی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں انتخابات لڑے گی۔
معلوم ہو کہ بی جے پی کے نامور لیڈروں کے مابین اختلاف رائے اترپردیش میں بی جے پی کی حالت پر مزید قیاس آرائوں کا باعث بنا ہے۔
اس ماہ کے شروع میں بی جے پی کے نائب صدر رادھا موہن سنگھ اور قومی جنرل سکریٹری بی ایل سنتوش نے جائزہ ملاقاتیں کیں جہاں انھوں نے کابینہ کے وزراء سمیت متعدد ریاستی رہنماؤں سے بات کی۔ اتر پردیش میں پنچایت انتخابات میں پارٹی کی خراب کارکردگی پر آدتیہ ناتھ حکومت کو تنقید کا سامنا کرنے کے بعد یہ میٹنگیں منعقد کی گئیں۔ بی جے پی کے وزرا اور ممبران اسمبلی نے بھی اپنی ہی حکومت کے خلاف شکایات کا اظہار کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق وزرا نے آدتیہ ناتھ کے ذریعے تقرریوں میں اپنی ٹھاکر برادریوں کی حمایت کرنے کے سبب پارٹی کے اندر ناراضگی کے بارے میں اپنی رائے پیش کی ہے۔ تاہم ان ملاقاتوں کے بعد سنگھ اور سنتوش نے ابھی ریاستی قیادت میں تبدیلی کی قیاس آرائوں کو مسترد کردیا تھا۔
دونوں اعلی رہنماؤں کے اعتماد کے ووٹ کے باوجود اگلے سال انتخابات سے قبل ریاست میں کابینہ میں ردوبدل کی باتیں بھی ہوئیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے قریبی ساتھی اور سابق آئی اے ایس افسر اے کے شرما کو گذشتہ ہفتے بی جے پی کی ریاستی اکائی کا نائب صدر مقرر کیا گیا تھا اور یہ افواہیں ہیں کہ انھیں آدتیہ ناتھ کی کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔
اپنے لیڈروں کے مختلف موقف پر سوالوں کے جواب میں بی جے پی کے ترجمان ہریش چندر سریواستو نے کہا ’’سوتنتر دیو ریاستی یونٹ کے صدر ہیں اور جو انھوں نے کہا ہے وہ اہم ہے۔ کیشو پرساد موریہ اور سوامی پرساد موریہ نے جو کچھ کہا وہ پارٹی کے اصولوں اور روایات کی بنیاد پر ہے۔‘‘
پچھلے کچھ ریاستی انتخابات میں بی جے پی نے انتخابات سے قبل اپنے وزیر اعلی کے امیدوار کا اعلان کرنے سے گریز کیا ہے۔ اس نے حال ہی میں پانچ ریاستوں اور مرکز علاقہ پڈوچیری میں ہونے والے انتخابات میں بھی کسی خاص امیدوار کی پیش کش نہیں کی۔ فروری 2020 میں ہونے والے دہلی انتخابات میں پارٹی نے اسی ٹیمپلیٹ کی پیروی کی۔ یہاں تک کہ آدتیہ ناتھ کو اترپردیش میں 2017 میں ہونے والے گذشتہ ریاستی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد ہی وزیر اعلیٰ کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔