امیش پال فائرنگ معاملے میں ملزم شوٹر عثمان پولیس تصادم میں ہلاک

پریاگ راج ،06 مارچ :۔
اتر پردیش کے پریاگ راج میں دن دہاڑے امیش پال مرڈر معاملے میں یو پی پولیس کی کارروائی میں ملزم شوٹر عثمان پولیس تصادم میں ہلاک ہو گیا ۔خیال رہے کہ امیش پال پر پہلی گولی عثمان نے ہی چلائی تھی۔اطلاع کے مطابق آج صبح کاندھیارہ تھانہ علاقہ میں کرائم برانچ کے ساتھ تصادم میں اس کی موت ہوگئی۔ انکاؤنٹر میں مارے گئے وجے عرف عثمان پر 50 ہزار کا انعام تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی کو سوروپ رانی اسپتال بھیج دیا گیا ۔ یہ انکاؤنٹر صبح 5 بجے کے قریب ہوا۔
قتل کیس کے ملزم عثمان چودھری کا کاندھیارہ علاقے میں پریاگ راج پولیس کے ساتھ انکاؤنٹر ہوا ۔ اس تصادم میں عثمان چودھری زخمی ہو گیاتھا۔ زخمی حالت میں اسے پریاگ راج کے ایس آر این اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں اس کی موت ہوگئی۔ پولیس نے اس قتل کیس میں ایک اور انکاؤنٹر کیا ہے۔ اس معاملے میں یہ دوسراانکاؤنٹر ہے ۔اس انکاؤنٹر کے بارے میں پریاگ راج پولیس کمشنر رامت شرما نے کہا، "پولیس اور ملزم وجے عرف عثمان کے درمیان کاندھیارہ تھانہ علاقے میں انکاؤنٹر ہوا، جس میں ملزم زخمی ہو گیا۔
اس سے قبل پولیس نے ملزم ارباز کا انکاؤنٹر کیا تھا۔ انکاؤنٹر میں ارباز زخمی ہوا اور پھر دم توڑ گیا۔ ارباز کریٹا گاڑی چلا رہا تھا جو قتل میں استعمال ہوئی تھی۔ ارباز عتیق احمد کے بیٹے کا ڈرائیور بتایا جاتا ہے۔بتا دیں کہ 24 فروری کو امیش پال کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اس قتل کا الزام عتیق احمد اور ان کے بیٹے پر لگایا جا رہا ہے۔ امیش پال، جو بی ایس پی کے ایم ایل اے تھے، راجو پال قتل کیس میں اہم گواہ تھے۔اس قتل کے بعد سیاسی طور پر زبر دست ہنگامہ ہوا تھا اور اسمبلی میں اتر پردیش میں لا اینڈ آرڈر کو لے کر اپوزیشن نے یوگی حکومت پر سوال کھڑے کئے تھے۔