عدالت نے عمر خالد کو دہلی فسادات سے منسلک پتھراؤ کے ایک کیس میں بری کیا
نئی دہلی، دسمبر 3: دہلی کی ایک عدالت نے آج جے این یو طلبا یونین کے سابق رہنما عمر خالد کو 2020 کے دہلی فسادات سے منسلک ایک کیس میں بری کردیا۔
عمر خالد کے ساتھ ایک اور طالب علم رہنما خالد سیفی کو بھی دہلی کی کڑکڑڈوما عدالت نے بری کر دیا۔
دونوں کو دہلی کے چاندباغ میں پتھراؤ کے ایک معاملے میں ضمانت مل گئی ہے، لیکن وہ ایک مختلف کیس میں جیل میں ہیں۔
طلبا رہنماؤں پر انسداد دہشت گردی قانون UAPA کے تحت الزام عائد کیا گیا ہے اور وہ فی الحال عدالتی حراست میں ہیں۔
خالد اور سیفی کو چاندباغ میں پتھراؤ کے ایک کیس میں ٹھوس شواہد کی کمی کی وجہ سے بری کر دیا گیا۔
اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر مدھوکر پانڈے نے تصدیق کی کہ عمر خالد اور خالد سیفی کو ایڈیشنل سیشن جج پلستیہ پرماچل کی عدالت نے اس معاملے میں بری کردیا ہے۔
کراول نگر پولیس اسٹیشن نے دونوں ملزمان کے ساتھ دیگر کے خلاف آئی پی سی کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی، جس میں فسادات اور مجرمانہ سازش کے ساتھ ساتھ آرمس ایکٹ اور املاک کو نقصان کی روک تھام ایکٹ کی دفعات شامل ہیں۔
بعد ازاں کیس کی تفتیش کرائم برانچ کو منتقل کر دی گئی۔
دہلی ہائی کورٹ نے اکتوبر میں راجدھانی میں فسادات سے متعلق یو اے پی اے کیس میں عمر خالد کو ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا۔