بین الاقوامی دیانت اسکالرشپ پروگرام : ترکی میں پڑھنے کا ایک شاندار موقع

آخری تاریخ 15 مارچ 2022 ہے

افروز عالم ساحل

اگر آپ کو دینیات (بنیادی اسلامی علوم، فلسفہ، مذہبی علوم، اسلامی تاریخ اور فنون لطیفہ وغیرہ) میں دلچسپی ہے اور اس مضمون میں آگے تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں تو پھر ترکی کا یہ ’بین الاقوامی دیانت اسکالرشپ پروگرام‘ آپ کا انتظار کر رہا ہے۔ اس اسکالرشپ کے ذریعے آپ اسلامی نصاب کے ساتھ ہائی اسکول اور ترکی کے بڑے شہروں استنبول، قیصری، کونیا، برسا اور سیواس کی سات اہم یونیورسٹیوں کے تھیالوجی فیکلٹیز میں تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔ بتادیں کہ ترکی کی اس اہم اسکالرشپ کے لیے درخواستوں کا آغاز یکم فروری سے ہو چکا ہے، اس کی آخری تاریخ 15 مارچ 2022 ہے۔

غور طلب رہے کہ یہ ’بین الاقوامی دیانت اسکالرشپ پروگرام‘ ترکی کی Türkiye Diyanet Vakfı یعنی ترکی دیانت فاؤنڈیشن نامی ایک تنظیم ترکی حکومت کی ڈائریکٹوریٹ آف مذہبی امور اور وزارت قومی تعلیم کے تعاون سے چلاتی ہے۔ اس پروگرام کا اہم مقصد مسلم کمیونٹی کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کروانا، مسلم برادری کی اسلامی تعلیم میں تعاون کرنا، اسلام کے ہر شعبے میں اہل افراد کی تربیت کرنا جو اپنے علم اور تجربات سے اپنی برادریوں کو فائدہ پہنچائیں، اسلام اور اسلامی تعلیم کے میدان میں تجربات کا تبادلہ کرنے کے ساتھ ساتھ ترکی اور متعلقہ معاشروں کے درمیان ثقافتی پل بنانا ہے۔ اس اسکالرشپ کے تحت اس وقت 111 ممالک کے ہزاروں طلباء ترکی میں ہائی اسکول، بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی سطحوں پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

فاؤنڈیشن کے اس اسکالرشپ پروگرام کے تحت آپ انٹرنیشنل اناتولین امام خطیب ہائی اسکول پروگرام، تھیولوجی انڈر گریجویٹ اور تھیولوجی گریجویٹ (ماسٹر اور پی ایچ ڈی) کے لیے اسکالرشپ حاصل کر سکتے ہیں۔ اس اسکالر شپ کے تحت طلبا کو رہائش، کھانا، کپڑے، ماہانہ الاؤنس، ہیلتھ انشورنس، ہوائی جہاز ٹکٹ اور دیگر تمام مراعات دیئے جاتے ہیں۔

یہ اسکالرشپ کسے ملے گی؟

یہ اسکالرشپ دنیا کے تمام ممالک کے شہریوں کے لیے ہے، جو کم از کم آٹھویں پاس ہوں۔ وہ لوگ بھی اس اسکالرشپ کے لیے فارم بھر سکتے ہیں، جو موجودہ تعلیمی سال کے اختتام پر یعنی اگست 2022 سے پہلے فارغ التحصیل ہوں گے۔ یاد رہے کہ وہ لوگ جن کے پاس جمہوریہ ترکی کی شہریت ہے اور وہ لوگ جنہوں نے کسی بھی وجہ سے اپنی ترک شہریت کھو دی ہے وہ اس اسکالرشپس کے لیے اہل نہیں مانے جائیں گے۔ یا پھر وہ لوگ جو فی الحال ترکی کی کسی بھی کالج یا یونیورسٹی میں طالب علم ہیں، وہ اس اسکالرشپ کے لیے درخواست نہیں دے سکتے۔

— بین الاقوامی اناتولین امام خطیب ہائی اسکول اسکالرشپ پروگرام کے تحت اسکالرشپ حاصل کرنے کے لئے آپ کی یوم پیدائش یکم؍ جنوری 2006 کے بعد کی ہونی چاہیے، اگر آپ اس سے پہلے پیدا ہوئے ہیں تو آپ اس اسکالرشپ کے لیے اہل نہیں مانے جائیں گے۔ دوسری شرط آپ غیر شادی شدہ ہوں اور کوئی ذہنی یا جسمانی صحت کے مسائل نہ ہوں۔ ساتھ ہی آٹھویں میں آپ نے کم از کم 70 فیصد نمبر حاصل کیے ہوں۔ اس اسکالرشپ کے تحت منتخب طلباء وزارت تعلیم کے ذریعہ مناسب سمجھے جانے والے بورڈنگ اسکولوں میں پڑھتے ہیں۔ اس کے بعد وہ امیدوار جنہوں نے کامیابی کے ساتھ ہائی اسکول کی تعلیم مکمل کر لی ہے۔ اگر ان میں سے کوئی اسلامی سائنس کے شعبے میں اپنی تعلیم جاری رکھنا چاہتا ہے تو وہ دیانت اسکالرشپ کے تحت فیکلٹی آف اسلامک سائنس میں درخواست دے سکتا ہے اور آگے کی اپنی تعلیم جاری رکھ سکتا ہے۔

— تھیولوجی یا اسلامک اسٹڈیز انڈر گریجویٹ پروگرام کے تحت اسکالرشپ حاصل کرنے کے لیے آپ کی یوم پیدائش یکم جنوری 2001 کے بعد کی ہونی چاہیئے۔اس اسکالرشپ کو پانے کے لئے بارہویں میں کم از کم 70 فیصد نمبر کا ہونا لازمی شرط ہے۔

— تھیولوجی یا اسلامک اسٹڈیز گریجویٹ پروگرام کے تحت ماسٹر کورسیز کے لئے اسکالرشپ حاصل کرنے کے لئے آپ کی عمر 30 سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیئے یعنی آپ کی یوم پیدائش یکم؍ جنوری 1992 سے پہلے کی ہو تو آپ اس اسکالرشپ کے لیے اہل نہیں مانے جائیں گے۔ وہیں پی ایچ ڈی کے لیے آپ کی عمر 35 سال سے کم ہونی چاہیے۔ اس اسکالرشپ کو پانے کے لئے گریجویشن یا ماسٹر میں کم از کم 70 فیصد نمبر کا ہونا لازمی شرط ہے۔ آپ کو بین الاقوامی سطح پر قبول شدہ زبان کی مہارت کا سرٹیفکیٹ فراہم کرانا ہوگا۔ انگریزی زبان والوں کے لیے TOEFL یعنی (Test of English as a Foreign Language) کا سرٹیفیکٹ دینا ہوتا ہے۔ انگریزی کے علاوہ جرمن، اسپینیش، رسین یا عربی والے بھی اس اسکالرشپ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

اسکالرشپ پانے کے لیے کیا ضروری ہے؟

سب سے پہلے آپ کے پاس پاسپورٹ کا ہونا لازمی ہے۔ اگر آپ کے پاس پاسپورٹ نہیں ہے اور آپ اس اسکالرشپ کو پانے کے خواہش مند ہیں تو آپ کو ارجنٹ پاسپورٹ کےلیےدرخواست دينی چاہیے۔ اگر ابھی درخواست داخل کریں تو یقیناً آپ کو 15 مارچ سے پہلے پاسپورٹ مل سکتا ہے۔

آپ فارم 15 مارچ 2022 تک یہاں آن لائن بھرسکتے ہیں : https://diyanetburslari.tdv.org/ 

 

***


ہفت روزہ دعوت، شمارہ  27 فروری تا 05مارچ  2022