دہلی میں ہولی کے موقع پر جاپانی خاتون سیاح کو ہراساں کرنے کے الزام میں تین گرفتار

نئی دہلی، مارچ 11: پولیس نے ہفتہ کو بتایا کہ ہولی کے موقع پر نئی دہلی میں ایک جاپانی خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں ایک نابالغ سمیت تین افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب ایک ویڈیو میں مردوں کے ایک گروپ کو ایک غیر ملکی عورت پر رنگ لگاتے ہوئے دیکھا گیا، ایک شخص نے اس کے سر پر انڈا بھی پھوڑا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کی گئی۔

پولیس کے مطابق یہ ویڈیو 8 مارچ کو قومی دارالحکومت کے پہاڑ گنج علاقے میں شوٹ کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ جاپانی خاتون ہندوستان چھوڑ کر بنگلہ دیش چلی گئی ہے اور اس کی طرف سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔

تاہم قومی کمیشن برائے خواتین اور دہلی کمیشن برائے خواتین نے پولیس کو اس واقعے کا نوٹس لینے اور اس معاملے میں پہلی معلوماتی رپورٹ درج کرنے کے لیے لکھا تھا۔

ہفتہ کو ڈپٹی کمشنر آف پولیس (سنٹرل) سنجے کمار سین نے بتایا کہ حراست میں لیے گئے افراد سے اس معاملے میں پوچھ گچھ کی گئی ہے۔

سین نے کہا ’’انھوں نے اس واقعے میں اپنے ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے جیسا کہ ویڈیو میں دیکھا گیا۔ یہ سب پہاڑ گنج کے قریبی علاقے کے رہنے والے ہیں۔‘‘

پولیس نے کہا کہ ملزمین کے خلاف دہلی پولیس ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کی گئی ہے اور کیس کی میرٹ پر مزید اقدامات کا فیصلہ کیا جائے گا۔