گزشتہ آٹھ برسوں سے کسانوں اور نوجوانوں کے مسائل حل نہیں ہو رہے: راہل
نئی دہلی، نومبر 19: کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے آج کہا ہے کہ ملک میں گزشتہ آٹھ برسوں میں سماجی عدم مساوات میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے کسان شدید پریشانی میں ہیں اور نوجوان ملازمتوں کی تلاش میں بھٹک رہے ہیں لیکن ان کے مسائل حل نہیں ہو رہے ہیں۔
گجانن مہاراج کے مقدس شہر شیگاؤں میں آج ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا کہ والدین کو اپنے بچوں کی تعلیم پر لاکھوں روپے خرچ کرنے پڑتے ہیں۔ لڑکے انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرتے ہیں اور انہیں پرائیویٹ ٹیکسیاں چلانا پڑتی ہیں یا چھوٹے موٹے کام کرنے پڑتے ہیں۔ نوجوان، کسان کھلے میں ہیں اور دوسری طرف اس ہندوستان میں صرف مٹھی بھر لوگ ہی امیر و کبیر ہوتے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسان دنیا کی ریڑھ کی ہڈی ہے، اسے سہارے کی ضرورت ہے۔ موسلا دھار بارش اور طوفان سے کسانوں کو بھاری نقصان ہوتا ہے لیکن بی جے پی حکومت نہ تو ان کی مدد کرتی ہے اور نہ ہی انہیں معاوضہ دیتی ہے۔ فصل کا بیمہ دستیاب نہیں ہے۔ کسان قرض لے لیتے ہیں لیکن معاف نہیں ہوتا اور بڑے صنعت کاروں کا لاکھوں کروڑوں کا قرض یکمشت ہی معاف کر دیا جاتا ہے۔ ایک پریشان حال کسان اپنی زندگی ختم کرنے کا انتہائی فیصلہ کن حالات میں کرتا ہے اسے ہمیں سمجھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ اور وزیر اعظم کسانوں کے دکھوں، مسائل اور مصائب کو سنیں گے تو ایک بھی کسان خودکشی نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا، ’’یہ پد یاترا کنیا کماری سے شروع ہوئی ہے اور ہم لوگوں کی بات سن کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ میں یہاں آپ کا درد سننے آیا ہوں، لیکن کچھ لوگ تشدد، نفرت، خوف پھیلانے کا کام کر رہے ہیں۔ نفرت اور تشدد سے ملک کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ مہاراشٹر کی سرزمین باباؤں، سنتوں اور عظیم شخصیات کی سرزمین ہے۔ انہوں نے محبت کا پیغام عام کیا اورآپس جوڑنے کا کام کیا ہم بھی ایسا ہی کر رہے ہیں۔ ہم اس ملک کو جوڑنے پر کام کر رہے ہیں۔ جنہوں نے اپنی زندگی میں تشدد کا تجربہ کیا ہے وہ نفرت کو پناہ نہیں دیتے۔ کسانوں اور مزدوروں کے دلوں میں نفرت نہیں ہو سکتی۔ مہاراشٹر چھترپتی شیواجی مہاراج کی سرزمین ہے۔ شیواجی مہاراج اور ہم میں بہت فرق ہے، وہ عظیم تھے، مہاراشٹر کی آواز تھے۔ شیواجی مہاراج چھترپتی بن گئے کیونکہ وہ اپنی ماں کے دکھائے ہوئے راستے پر چلے۔
ریلی سے مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر نانا پٹولے، سابق وزرائے اعلیٰ اشوک چوان، بالا صاحب تھوراٹ، چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری مکل واسنک، کنہیا کمار اور یشومتی ٹھاکر نے بھی خطاب کیا۔