دی کیرالہ اسٹوری, تنازعہ کے درمیان اے آر رحمان نے مسجد میں ہندو شادی کی تقریب کا پوسٹ کیاشیئر

مسجد کے اندر منعقدہ ہندو رسومات کے مطابق شادی کی تقریب کو مذہبی ہم آہنگی کی عظیم مثال قرار دیا ،ویڈیو 2020 کا ہے

نئی دہلی ،04مئی :۔
فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ابھی ریلیز نہیں ہوئی ہے لیکن اس سے قبل ہی اس فلم کی کہانی پر تنازعہ شروع ہو گیا ہے ۔ فلم کو ہندو شدت پسندوں کے ذریعہ مسلمانوں کے خلاف پروپیگنڈہ فلم قرا ر دیا جا رہا ہے ،فلم کو مسلمانوں ہی نہیں بلکہ کیرالہ ریاست کو بھی بدنام کرنے کی سازش قرار دیا جا رہا ہے ۔سینسر بورڈ نے بھی کارروائی کرتے ہوئے ریلیز سے قبل فلم کی دس متنازعہ مناظر کو ہٹانے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ دریں اثنا فلمی دنیا کے معروف موسیقار اے آر رحمان نے کیرالہ میں مذہبی ہم آہنگی پر مبنی ایک انوکھا ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں ایک مسجد کے اندر ہندو لڑکی کی شادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے ۔


رپورٹ کے مطابق اے آر رحمان نے 2020 میں کیرالہ کی ایک مسجد کے اندر ہونے والی ہندو شادی کی تقریب پر مبنی ایک پوسٹ شیئر کی۔ پوسٹ انجو اور شرتھ کی شادی کی تقریب کی ہے جو ہندو رسومات کے مطابق منعقد کی گئی تھی۔ جس میں ایک ہندو پجاری نے مسجد کے اندر شادی کی تمام رسومات ہندو رسم و رواج کے مطابق مکمل کی تھی۔
کامریڈ فرام کیرالہ نامی اکاونٹ سے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ”یہ ایک اورکیرالہ اسٹوری  ہے۔ معروف موسیقار اے آر رحمان نے اسی پوسٹ کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثال کےطور پر شیئر کیا ہے ۔انہوں نے لکھا کہ "بر و ، انسانیت سے محبت غیر مشروط اور صحت مندہونی چاہیے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دلہن اور دلہے کے رشتہ داروں کے ساتھ ہزاروں کی تعداد میں لوگ مسجد کے اندر منعقدہ تقریب شرکت کر رہے ہیں ۔ایک پجاری ہندو رواج کے مطابق شادی کی رسومات ادا کر رہے ہیں۔اس کے علاوہ اس موقع پر کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں خالص ویجیٹرین کھانا پیش کیا گیا ۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مقامی ایم پی ایم اے عارف اس شادی کی تقریب کو مذہبی ہم آہنگی کی عظیم مثال قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ صرف کیرالہ نہیں بلکہ پورے ملک کے لئے ایک مثال ہے ایسے وقت میں جب لوگ ایک دوسرے پر مذہب کے نام پر حملے کرتے ہیں اور نفرت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ سینئر کانگریس لیڈر ششی تھرور نے بھی اس فلم کی تنقید کی ہے ۔فلم سازوں پر ریاست کی حقیقت کو "مبالغہ آرائی” اور "مسخ” کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔