’’دی کشمیر فائلز‘‘ فلم سچائی سے بہت دور ہے: نیشنل کانفرنس لیڈر عمر عبداللہ
نئی دہلی، مارچ 19: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے جمعہ کو کہا کہ فلم ’’دی کشمیر فائلز‘‘ ’’حقیقت سے بہت دور‘‘ ہے۔
عبداللہ نے مزید کہا کہ جہاں کشمیری ہندوؤں کی ہجرت ’’کشمیریت پر داغ‘‘ تھی، وہیں اس فلم نے اس وقت ریاست میں مسلمانوں اور سکھوں کی قربانیوں کو نظر انداز کیا ہے۔
عبداللہ نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’1990 اور اس کے بعد کے درد اور تکلیف کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ جس طرح کشمیری پنڈتوں اپنا تحفظ کا احساس کھو دیا تھا اور انھیں وادی کو چھوڑنا پڑا تھا وہ ہماری کشمیریت کی ثقافت پر ایک داغ ہے۔‘‘
دی کشمیر فائلز، جس کی ہدایت کاری وویک اگنی ہوتری نے کی ہے، 1980 کی دہائی کے آخر اور 1990 کی دہائی کے اوائل میں عسکریت پسندی کی وجہ سے سابقہ ریاست سے کشمیری ہندوؤں کے اخراج پر مبنی ہے۔
ایک طرف فلم کی توثیق وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے کئی دیگر سینئر لیڈروں نے کی اور بی جے پی کی حکومت والی کئی ریاستوں نے فلم کو تفریحی ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔
وہیں دوسری طرف اپوزیشن جماعتوں نے فلم کی حقیقت پسندی اور اس کے ارد گرد ہونے والی بحث کے فرقہ وارانہ لہجے پر سوال اٹھائے ہیں۔ انھوں نے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ جب کشمیری پنڈتوں کی ہجرت ہوئی تو کانگریس مرکز میں اقتدار میں نہیں تھی اور دعویٰ کیا کہ ریاست کے گورنر جس نے کمیونٹی کی پرواز میں سہولت فراہم کی تھی، کو بی جے پی نے منظوری دی تھی۔
جمعہ کو عبداللہ نے الزام لگایا کہ فلم میں دکھائے گئے حقائق ’’مختلف‘‘ تھے۔
پی ٹی آئی کے مطابق انھوں نے نامہ نگاروں کو بتایا ’’جب کشمیری پنڈتوں کی نقل مکانی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تو فاروق عبداللہ وزیر اعلیٰ نہیں تھے، بلکہ جگ موہن گورنر تھے۔ مرکز میں وی پی سنگھ کی حکومت تھی جسے بی جے پی نے باہر سے حمایت دی تھی۔
عبداللہ نے مزید کہا کہ گھر بار چھوڑنے والوں کو واپس لانے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے ماحول پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔
عبداللہ نے کہا ’’لیکن مجھے نہیں لگتا کہ وہ لوگ جنھوں نے یہ فلم بنائی ہے وہ چاہتے ہیں کہ وہ [کشمیری ہندو] واپس آئیں۔ اس فلم کے ذریعے وہ چاہتے ہیں کہ پنڈت ہمیشہ باہر رہیں۔‘‘
دریں اثنا کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے کہا کہ کشمیری ہندوؤں کی ہجرت افسوسناک ہے، لیکن ’’سیاسی فائدے کے لیے خونریزی کا مظاہرہ‘‘ بھارت کے لیے خطرناک ہے۔
تاریگامی نے کہا ’’میرے پاس ان عناصر کے لیے صرف ایک بات ہے، جو کشمیریوں کے خون کو مختلف بازاروں میں بیچ کر اس کا کاروبار کر رہے ہیں، کہ برائے مہربانی اسے روکیں۔ جو بھی مارا گیا، چاہے وہ جس مذہب سے تعلق رکھتا ہو، وہ کشمیری تھا۔‘‘