تمل ناڈو کے شہری بلدیہ کے انتخابات: گوڈسے کی حمایت کا اظہار کرنے والی بی جے پی امیدوار چنئی سے جیتی

نئی دہلی، فروری 23: بھارتیہ جنتا پارٹی کی امیدوار اوما آنندن، جنھوں نے مغربی ممبلم کے وارڈ 134 سے گریٹر چنئی کارپوریشن کونسل کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی، اس سے قبل ناتھورام گوڈسے کی حمایت کا اظہار کر چکی ہیں، جس نے مہاتما گاندھی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

دی نیوز منٹ نے رپورٹ کیا کہ آنندن شہر میں بی جے پی کی واحد فاتح ہیں۔ آنندن نے کانگریس امیدوار کو 2,036 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔

ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں آنندن کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ انھیں اس بات پر فخر ہے کہ گاندھی کو قتل کرنے والا گوڈسے ہندو تھا اور انھیں اس کی حمایت کرنے پر کوئی افسوس نہیں ہے۔ مزید یہ کہ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ اس نے گاندھی کو دیر سے قتل کیا۔ ’’اگر یہ کوئی اور ہوتا تو گاندھی کو پہلے مارا جا سکتا تھا۔‘‘

جب انٹرویو لینے والے نے ان سے شروع میں پوچھا کہ کیا چاقو اور بندوق اٹھانے والے صرف عیسائی اور مسلمان ہیں تو آنندن نے اثبات میں جواب دیا۔

ایک اور ویڈیو میں آنندن کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ذات پات کا نظام ہندوستانی ثقافت کا حصہ ہے۔

حکمراں ڈی ایم کے نے منگل کو تمل ناڈو کے شہری بلدیہ کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیت درج کی، جو 10 سال سے زیادہ کے وقفے کے بعد منعقد ہوئے۔ پارٹی نے 12,800 پلس وارڈ ممبر عہدوں میں سے دو تہائی جیت لیے اور ریاست کے تمام 21 میونسپل کارپوریشنوں میں جیت حاصل کی۔