مہاراشٹر کے رائے گڑھ سے مشتبہ مسلح جہاز کی برآمدگی سے سراسیمگی
نئی دہلی، اگست 18: ممبئی سے متصل اور ریاست کے سمندری علاقہ رائے گڑھ سری وردھن میں ایک مشتبہ جہاز میں اسلحہ برآمد ہونے کے بعد سنسنی پھیل گئی- اس جہاز میں اے کے 47 اور کئی راؤنڈ گولیاں بھی پائی گئیں- جہاز پائے جانے کے بعد علی باغ اور رائے ضلع میں الرٹ جاری کیا گیا- اس جہاز کی برآمدگی کے بعد سیکورٹی ایجنسیاں بھی الرٹ ہوگئیں- اس جہاز کےملنے کے بعد مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی میں نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے بتایا کہ مشتبہ جہاز امریکہ سے آیا تھا اور اس جہاز کی مالکن ایک آسٹریلیائی خاتون ہیں- سری وردھن رائے گڑھ میں جہاز ملنے سےسراسمیگی اور دہشت پھیل گئی تھی۔
لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ یہ جہاز امریکہ سے مسقط (عمان) جانے والا تھا -اس جہاز کی مالکن ایک غیر ملکلی خاتون ہیں اور اس کا شوہر اس کا کپتان ہے- اس جہاز کا انجن 26 جون کو ناکارہ ہو گیا تھا- اس دوران جہاز نے امداد طلب کی اور فوجی جہاز نےاسے درست بھی کرایا- سمندر کے پانی کے دباؤ کے سبب یہ جہاز رائے گڑھ پہنچ گیا- یہ تفصیلات مہاراشٹر کے وزیر داخلہ فڑنویس نے ایوان میں دیں-
جہاز ملنے کے بعد مہاراشٹر بھر میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ریاستی پولس نے سمندری سیکورٹی میں بھی اضافہ کر دیا ہے- کامبنگ آپریشن بھی جاری ہے۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی بھی اس کیس کی تفتیش کررہی ہے۔ اس معاملہ میں این آئی اے نے جانچ شروع کر دی ہے۔ اے ٹی ایس سربراہ ونیت اگروال بھی رائے گڑھ میں خیمہ زن ہیں۔ مہاراشٹر کے وزیراعلی ایکناتھ شندے نے بھی اس معاملہ میں تحقیقات کے احکامات جاری کئے ہیں۔ جہاز کے مشتبہ حالت میں پائے جانے کے بعد پورے مہاراشٹر بھر میں الرٹ جاری کیا گیا ۔ رائے گڑھ پولس نے جہاز کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے او ر اس سے برآمد ہتھیار کی بھی جانچ کی جارہی ہے- اس کمپنی کے لائسنس اور دیگر دستاویزا ت کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔