سشیل چندر آج نئے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کا چارج سنبھالیں گے
نئی دہلی، اپریل 13: الیکشن کمیشن کے سابق سربراہ سنیل اروڑا کی مدت کار ختم ہونے کے بعد پیر کو سشیل چندر کو نیا چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا۔ چندر آج باضابطہ طور پر چارج سنبھالیں گے۔
سشیل چندر چار ریاستوں اور ایک مرکز علاقہ میں انتخابات کے دوران ہندوستان کے الیکشن کمیشن کے چیف کا عہدہ سنبھالیں گے۔ تمل ناڈو، کیرالہ، اور پڈوچیری میں ووٹرز نے 6 اپریل کو ایک ہی مرحلے میں ووٹ دیا تھا۔ آسام اور مغربی بنگال میں 27 مارچ سے 29 اپریل کے درمیان متعدد مراحل میں انتخابات ہو رہے ہیں۔ ان تمام کے نتائج کا اعلان 2 مئی کو کیا جائے گا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق چندر کو فروری 2019 میں لوک سبھا انتخابات سے چند ہفتے قبل ہی الیکشن کمشنر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ چندر کی مدت کار 14 مئی 2022 کو ختم ہوگی اور اس دوران وہ اتر پردیش، منی پور، گوا، اتراکھنڈ اور پنجاب میں ہونے والے انتخابات کی بھی نگرانی کریں گے۔
چندر کا تعلق انڈین ریوینیو سروس کے 1980 بیچ سے ہے۔ الیکشن کمشنر کی حیثیت سے تقرر سے قبل ، چندر نومبر 2016 اور فروری 2019 کے درمیان مرکزی بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکس کے چیئرپرسن کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ سی بی ڈی ٹی ایک ایسا ادارہ ہے جو بھارت میں پالیسی انتظامیہ اور براہ راست ٹیکسوں کے نفاذ کے کام کی نگرانی کرتا ہے۔