سپریم کورٹ نے انتخابی بانڈز کیس پر اپنا فیصلہ محفوظ کیا
نئی دہلی، نومبر 2: سپریم کورٹ نے جمعرات کو الیکٹورل بانڈ اسکیم کے جواز کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کے جواب میں اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو یہ بھی کہا کہ سیاسی جماعتوں کو الیکٹورل بانڈز کے ذریعے ملنے والے عطیات کا ڈیٹا 30 ستمبر تک اکٹھا کیا جائے۔ پولنگ پینل کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ڈیٹا دو ہفتوں کے اندر سیل بند لفافے میں سپریم کورٹ کے رجسٹرار جنرل کو پیش کرے۔
انتخابی بانڈز ایسے مالیاتی آلات ہیں جنھیں شہری یا کارپوریٹ گروپ بینک سے خرید سکتے ہیں اور کسی سیاسی جماعت کو دے سکتے ہیں، جو پھر انھیں چھڑانے کے لیے آزاد ہے۔ یہ پورا عمل گمنام ہے کیوں کہ کسی کو بھی ان سود سے پاک بانڈز کی خریداری کا اعلان کرنے کی ضرورت نہیں ہے اور سیاسی جماعتوں کو بھی رقم کا ذریعہ ظاہر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے جنوری 2018 میں اس اسکیم کو متعارف کرایا تھا۔
چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس سنجیو کھنہ، بی آر گوائی، جے بی پاردی والا اور منوج مشرا پر مشتمل پانچ ججوں کی بنچ نے 31 اکتوبر کو اس کیس کی سماعت شروع کی۔
درخواست گزاروں نے استدلال کیا ہے کہ اس اسکیم کے ذریعے سیاسی جماعتوں کو گمنام عطیات بدعنوانی کو فروغ دیتے ہیں اور حکمران اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان برابری کی راہ کو روکتے ہیں۔
تاہم مرکز نے عدالت کو بتایا کہ انتخابی بانڈز کو عطیہ دہندگان کی سیاسی وابستگیوں کے تحفظ کے لیے گمنام رکھا جاتا ہے کیوں کہ یہ ان کی نجی زندگی کا معاملہ ہے۔ مرکز نے دلیل دی تھی کہ عطیہ دہندگان کے ناموں کو ظاہر کرنا اس اسکیم کو غیر موثر بنا سکتا ہے اور نقد پر مبنی سیاسی فنڈنگ کی واپسی کا باعث بن سکتا ہے۔
جمعرات کو چیف جسٹس چندرچوڑ نے کہا کہ عدالت اس مرحلے پر اسٹیٹ بینک آف انڈیا سے عطیہ دہندگان کی شناخت ظاہر کرنے کو نہیں کہے گی۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ مرحلے میں کسی کو دلچسپی نہیں ہے لیکن ہم کوانٹم جاننا چاہیں گے۔
اسٹیٹ بینک آف انڈیا اپنی 29 شاخوں کے ذریعے انتخابی بانڈز جاری کرنے اور انھیں کیش کرنے کا مجاز ہے۔