سپریم کورٹ نے حجاب کیس کی فوری سماعت سے انکار کر دیا
نئی دہلی، مارچ 24: لائیو لاء کے مطابق سپریم کورٹ نے آج کرناٹک ہائی کورٹ کے کلاس رومز میں حجاب پہننے پر پابندی کو برقرار رکھنے کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کی فوری سماعت سے انکار کر دیا۔
پہلے یہ پابندی ریاستی حکومت نے لگائی تھی اور کرناٹک ہائی کورٹ نے اسے برقرار رکھتے ہوئے کہا تھا کہ حجاب اسلام کا لازمی اور ضروری حصہ نہیں ہے۔
پہلے سال کی پری یونیورسٹی کی طالبہ عائشہ شفاعت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔
سینئر وکیل دیودت کامت نے چیف جسٹس سے کیس کی فوری سماعت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات چل رہے ہیں اور معاملے کی فوری سماعت کی ضرورت ہے۔
تاہم سی جے آئی نے کہا کہ امتحانات کا کیس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ جب کامت نے اصرار کیا کہ امتحانات 28 مارچ کو شروع ہونے والے ہیں اور لڑکیوں کو اسکارف کے ساتھ امتحان دینے سے روکا جا رہا ہے، تو CJI نے کوئی جواب نہیں دیا اور اس کے بجائے اپنی عدالت کے سامنے فہرست میں اگلا کیس طلب کیا۔