سپریم کورٹ نے مزاحیہ اداکار منور فاروقی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کے خلاف درج تمام مقدمات اندور منتقل کیے
نئی دہلی، اپریل 24: سپریم کورٹ نے پیر کو مزاحیہ اداکار منور فاروقی کو مذہبی جذبات مجروح کرنے کے مقدمے میں ضمانت دے دی۔ وہ فروری 2021 سے عبوری ضمانت پر باہر ہیں۔
پیر کے روز عدالت نے فاروقی کے خلاف مختلف ریاستوں میں درج تمام مقدمات کو اکٹھا کر کے انھیں مدھیہ پردیش کے اندور شہر منتقل کر دیا۔
فاروقی کو 1 جنوری 2021 کو اندور کے ایک کیفے سے ہندوتوا گروپ ہند رکشک سنگٹھن کے سربراہ ایکلویہ سنگھ گوڑ کی شکایت کی بنیاد پر ایک پروگرام کے دوران مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ گوڑ بھارتیہ جنتا پارٹی کی قانون ساز مالنی گوڑ کے بیٹے ہیں۔
فاروقی کے ساتھ چار دیگر افراد نلین یادو، پرکھر ویاس، ایڈون انتھونی اور پریام ویاس کو بھی اسی طرح کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے بعد ریاست بھر میں فاروقی پر کئی مقدمات درج کیے گئے تھے۔
فاروقی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے چار دن بعد اندور پولیس نے کہا تھا کہ اس بات کا کوئی بصری ثبوت نہیں ہے کہ مزاح نگار نے ہندو دیوتاؤں کی توہین کی ہو۔
اندور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ وجے کھتری نے کہا تھا کہ فاروقی نے اپنی پرفارمنس کا آغاز بھی نہیں کیا تھا اور اسے گور کے اس دعوے کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا کہ اس نے اپنے ایکٹ کی رہرسل کے دوران مذہبی جذبات کومجروح کرنے والے لطیفے سنائے تھے۔
تاہم 28 جنوری کو مدھیہ پردیش ہائی کورٹ نے فاروقی کی ضمانت کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا اور کہا تھا کہ فاروقی کا مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے کا ارادہ رکھنے کے ابتدائی ثبوت موجود تھے۔
پیر کی سماعت میں فاروقی کی نمائندگی کرنے والے سینئر ایڈوکیٹ وکرم چودھری نے عدالت پر زور دیا کہ مقدمات کو ممبئی یا دہلی منتقل کیا جائے۔ انھوں نے کہا ’’اندور یا پریاگ راج نہیں…وہاں ایک بہت بڑا ہجوم تھا۔ ان شہروں میں فاروقی کی حفاظت کو خطرات لاحق ہیں۔‘‘
چودھری نے یکم جنوری 2021 کے ایک واقعے کا حوالہ دیا جب اندور میں کامیڈین کے ساتھ بدتمیزی کی گئی تھی اور ہندوتوا کے حامیوں نے ان کی گرفتاری سے قبل مبینہ طور پر ان پر حملہ کیا تھا۔
تاہم عدالت نے مقدمات کو ممبئی یا دہلی منتقل کرنے کی فاروقی کی درخواست کو قبول نہیں کیا۔ لیکن اس نے فاروقی کے خلاف جاری کیے گئے وارنٹ پر روک میں تین ہفتے کی توسیع دے دی اور اسے پولیس کے سامنے پیش ہونے کو کہا۔