’اسٹیل مین آف انڈیا‘ جمشید جے ایرانی کا 86 سال کی عمر میں انتقال

نئی دہلی، نومبر 1: ہندوستان ٹائمز کی خبر کے مطابق صنعت کار اور ٹاٹا اسٹیل کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر جمشید جیجی ایرانی پیر کی رات جمشید پور میں انتقال کر گئے۔ ان کی عمر 86 برس تھی۔

ہندوستان کے اسٹیل مین کے طور پر جانے جانے والے ایرانی نے ٹاٹا گروپ کی کئی کمپنیوں کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دیں اور 43 سال تک کمپنی سے وابستہ رہے۔ دی ہندو کے مطابق وہ جون 2011 میں ٹاٹا اسٹیل کے بورڈ سے ریٹائر ہوئے۔

ان کے پس ماندگان میں ان کی اہلیہ ڈیزی ایرانی اور تین بچے زوبین، نیلوفر اور تناز ہیں۔

جمشید جیجی ایرانی کو 2007 میں اسٹیل کی صنعت میں ان کی شراکت کے لیے پدم بھوشن سے نوازا گیا تھا، جو ہندوستان کا تیسرا سب سے بڑا شہری اعزاز ہے۔ انھیں کئی دیگر اعزازات سے نوازا گیا، جن میں 1996 میں رائل اکیڈمی آف انجینئرنگ کے بین الاقوامی فیلو کے طور پر تقرری اور 1997 میں ملکہ الزبتھ دوم کی طرف سے اعزازی نائٹ ہڈ شامل ہیں۔

وہ 1992-93 کی مدت کے لیے کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری کے صدر بھی رہے۔

ان کی موت پر کامرس اور صنعت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے ایرانی کو ایک ’’تبدیلی ساز، جس نے عالمی سطح پر برانڈ انڈیا کے لیے اعتماد پیدا کرنے میں مدد کی‘‘ کے طور پر بیان کیا۔

انھوں نے ٹویٹ کیا ’’انھوں نے اپنے جذبے سے ہندوستان کو آگے بڑھایا۔ ان کی روح کے لیے دعائیں، ان کے اہل خانہ سے تعزیت۔‘‘

جھارکھنڈ کے وزیر صحت بننا گپتا نے کہا کہ ایرانی کو ایک منتظم اور عظیم لیڈر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

جھارکھنڈ کے سابق وزیر اعلی ارجن منڈا نے بھی ایرانی کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔