حب الوطنی کے نام پر ‘نام نہاد ایجںڈا’ جمہوریت کے لیے خطرناک: بائیڈن

نئی دہلی، ستمبر 2: امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے حامیوں کا ‘میک امریکہ گریٹ اگین’ (میگا) نام کا نام نہاد ایجنڈا جمہوریت کے لیے خطرناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حب الوطنی کے نام پر فرضی ایجنڈا چلانا اور اس کے لیے لوگوں کو تشدد پر ابھارنا کسی بھی جمہوری ملک کے لیے سم قاتل ہے۔ امریکہ اور امریکی عوام اسے ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ ہم جمہوریت کے علمبردار ہیں اور جمہوری طرز کو پسند کرتے ہیں۔

مسٹر جو بائیڈن نے پنسلوانیا میں کہا "میگا طاقتیں اس ملک کو پیچھے دھکیلنے کے لیے پرعزم ہیں۔” انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام 7.4 کروڑ امریکی باشندوں کی ملامت نہیں کر رہے جنہوں نے دو سال قبل مسٹر ٹرمپ کو ووٹ دیا تھا۔ "ہر ریپبلکن نہیں، یہاں تک کہ زیادہ تر ریپبلکن بھی، میگا ریپبلکن کے حامی نہیں ہیں”۔

انہوں نے کہا کہ "اس میں کوئی شک نہیں کہ ریپبلکن پارٹی مسٹر ٹرمپ اور میگا ریپبلکن کے غلبہ سے خوفزدہ ہے۔ یہ طاقتیں اس ملک کے لیے خطرہ ہیں۔”

امریکی صدر نے کہا کہ مسٹر ٹرمپ کے حامیوں نے پچھلے سال امریکی راجدھانی پر حملہ کرنے والے ہجوم کو باغی کے بجائے محب وطن قرار دیا۔ جو کہ انتہائی خطرناک رجحان ہے۔

انہوں نے کہا، "ہمیں امریکی جمہوریت کا دفاع کرنا ہے اور اس کی مکمل حفاظت بھی کرنا ہے۔ اس کے لیے کھڑے ہوں۔ ہم میں سے ہر ایک کو اس کے لیے کھڑا ہونا چاہیے۔”

دریں اثناء، سینئر ریپبلکن لیڈر کیون میکارتھی نے کہا ہے کہ مسٹر بائیڈن کی پالیسیوں سے امریکہ کی روح کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔