شاید کہ اتر جائے ترے دل میں مری بات

کولکاتا میں جماعت اسلامی ہند کا راحتی کیمپ درگا پوجا کے موقع پر لوگوں کی توجہ کا مرکز

شبانہ جاوید ،کولکاتا

ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کے لئے پوجا پنڈال کے قریب جماعت کی جانب سے متعدد راحتی کیمپوں کا انعقاد
پچھلے دنوں جماعت اسلامی ہند کی بنگال شاخ کی جانب سے کولکاتہ کے درگا پوجا کے موقع پر لگنے والے راحتی کیمپ لوگوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے ۔ درگا پوجا بنگال کا سب سے بڑا تہوار ہے یہ ایک ایسا تہوار ہے جس میں لاکھوں لوگ روزانہ گھروں سے باہر نکلتے ہیں ایک پوجا پنڈال سے دوسرے پوجا پنڈال کا دورہ کرتے ہیں اور نہ صرف بنگال کے مقامی بلکہ درگا پوجا کو دیکھنے کے لیے ملک اور بیرونی ملکوں سے بھی لوگ کولکاتہ کا رخ کرتے ہیں ایسے میں جماعت اسلامی ہند کی بنگال یونٹ کی جانب سے کولکاتہ کے مختلف پنڈالوں کے باہر پوجا گھومنے آنے والوں کے لئے راحتی کیمپ بھی لگایا جاتا ہے اس کیمپ میں لوگوں کو طبی امداد کے ساتھ ساتھ پینے کا پانی بھی فراہم کیا جاتا ہے ساتھ ہی ساتھ جماعت اسلامی ہند کے اس کیمپ میں اسلامی لٹریچر ،قرآن کا ترجمہ سمیت اسلامی موضوعات پر کتابیں بھی لوگوں کو فراہم کی جاتی ہے لوگ اسٹالوں پر آتے بھی ہیں اور ان کتابوں کا مطالعہ بھی کرتے ہیں جماعت اسلامی ہند کے رکن شاداب معصوم نے ہفت روزہ دعوت کو ان پوجا پنڈال کے قریب لگنے والے راحتی کیمپ کا اہم مقصد بتاتے ہوئے کہا کہ ملک کے اندر جو مذہبی حالات خراب ہیں اسکی وجہ سے مختلف قومیں جو ملک بھر میں رہتی ہیں ان کے درمیان آنےوالی دوریوں کو ختم کرنے اور اسلام کے تعلق سے غلط فہمیوں کو دور کرنے کے مقصد کے تحت پوجا پنڈال کے قریب راحتی اسٹال لگائے جاتے ہیں پہلے یہ اسٹال صرف کولکاتہ کے مختلف علاقوں میں لگائے جاتے تھے لیکن امسال بنگال کے مختلف ضلعوں جن میں مالدہ، کوچ بہار ،مرشد آباد، علی پوردوار، مدنی پور اور ہورہ وغیرہ میں لگائے گئے ہیں ۔یعنی ریاست بھر میں جماعت اسلامی ہند کی جانب سے کُل 70 راحتی اسٹال لگائے گئے ہیں۔
جماعت اسلامی ہند نے 2015 سے اس طرح کے اسٹال لگانے کا کام شروع کیا تھا ان کے مطابق سیاسی فائدے کے لیے فرقہ وارانہ خطوط پر سماج کو تقسیم کرنے کی سازشوں کو ختم کرنے اور آپسی اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے جماعت اسلامی ہند ہر سال پوجا پنڈال کے قریب اسٹال لگاتی ہے اور ان اسٹالوں کی خاص بات یہ ہوتی ہے کہ یہاں پر خواتین بھی موجود ہوتی ہیں اور پوجا پنڈال کے لیے آنے والی غیر مسلم خواتین کے ساتھ وہ بات چیت کرتی ہیں ان سے اپنا رابطہ بحال کرتی ہیں۔
جماعت اسلامی ہند کے اسٹال کا ہزاروں لوگ دورہ کرتے ہیں اور یہاں سے کتابیں بھی لے کر جاتے ہیں بعد میں جماعت کے جانب سے ان لوگوں سے رابطہ بھی کیا جاتا ہے پنڈال میں آنے والے لوگ ان کے ساتھ رابطے میں ہوتے ہیں جن کی ایک بڑی تعداد ہے یہی وجہ ہے کہ جماعت نے ایک سد بھاونا منچ کی بھی تشکیل دی ہے اس سد بھاؤنا منچ میں مختلف مذاہب کے لوگ شامل ہیں ساتھ ہی ساتھ پوجا کمیٹی کے لوگوں کو بھی جماعت کی جانب سے عید اور دیگر تہواروں کے موقع پر دعوت بھی دی جاتی ہے معلوم ہو کہ ہمارے نبی کریم صلی علیہ وسلم کے دور میں عرب میں عکاظ کا میلہ‘ لگا کرتا تھا اس میلے میں پورے عرب کے لوگ جمع ہوتے تھے ہمارے نبیﷺ نے اس میلے کے ذریعہ لوگوں سے رابطہ بحال کرنے کی کوشش کی تھی آپ اس موقع پر لوگوں سے مخاطب ہوتے اور انہیں دین کی دعوت دیتے تھے۔ اسی لئے جماعت اسلامی ہند ملک کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کو مضبوط بنانے کے لئے اسی سیرت کے نہج پر کام کر رہی ہے اس امید پر کہ
شاید کہ اتر جائے ترے دل میں مری بات
***

 

***

 


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 29 اکتوبر تا 04 نومبر 2023