آندھرا پردیش میں چندرابابو نائیڈو کے جلسۂ عام میں بھگدڑ مچنے سے سات افراد ہلاک
نئی دہلی، دسمبر 29: آندھرا پردیش کے نیلور ضلع میں بدھ کے روز تیلگو دیشم پارٹی کے سربراہ این چندرابابو نائیڈو کے جلسۂ عام میں بھگدڑ مچنے سے کم از کم سات افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
یہ واقعہ آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کے کنڈوکور کے مقام پر پہنچنے کے فوراً بعد پیش آیا۔ سیاست دان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے کئی افراد آگے بڑھے جس سے بھگدڑ جیسی صورت حال پیدا ہو گئی۔
دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق خود کو جھڑپوں سے بچانے کے لیے کچھ افراد نے نزدیکی نالے میں چھلانگ لگا دی۔ ہلاکتیں اس وقت ہوئیں جب سامعین میں سے مزید لوگ صورت حال سے بچنے کے لیے ان پر کود پڑے۔
نائیڈو نے واقعہ کے فوراً بعد اپنی ریلی کو منسوخ کر دیا اور مرنے والوں کے اہل خانہ کے لیے 10 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا ادائیگی کا بھی اعلان کیا۔
تیلگو دیشم پارٹی کے سربراہ 2024 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں ریاست بھر میں سیاسی ریلیاں نکال رہے ہیں۔ 72 سالہ سیاست دان نیلور میں جلسۂ عام اور روڈ شو کر رہے تھے۔