عالمی سطح پر ہندوستانی روایات کی شناخت قائم کرنے کی راہ میں ’’سیکولرازم‘‘ سب سے بڑا خطرہ: یوگی آدتیہ ناتھ
اترپردیش، مارچ 7: اترپردیش کے وزیر اعلی آدتیہ ناتھ نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ عالمی سطح پر ہندوستان کی روایات کی ایک پہچان بننے کی راہ میں سیکولرزم سب سے بڑا خطرہ ہے۔
انھوں نے کہا ’’یہ لفظ ‘سیکولرزم’ ہندوستان کی خوش حال روایات کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر اس کی پہچان بنانے میں سب سے بڑا خطرہ ہے۔ سب سے بڑی رکاوٹ یہی ہے۔ ہمیں اس سے الگ ہوکر پاک، اخلاقی اور صحت مند زندگی کے ساتھ اس سمت توجہ دینی ہوگی۔‘‘
ایودھیا ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ذریعہ تیار کردہ ای بک ’’ رامائن عالمی انسائیکلوپیڈیا‘‘ کے پہلے ایڈیشن کے آغاز کے موقع پر آدتیہ ناتھ نے یہ باتیں کیں۔ انھوں نے کہا ’’ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر نے رامائن عالمی انسائیکلوپیڈیا کے اجراء کو اور خاص بنا دیا ہے۔‘‘
انھوں نے ہندوستان کی حدود کو بڑھانے میں مدد کرنے پر ’’رامائن‘‘ اور ’’’مہابھارت‘‘ کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ’’1947 سے پہلے پاکستان ہندوستان کا ایک حصہ تھا اور مریادا پُروشوتم لارڈ شری رام نے اپنے دور میں اپنے بھائی کے بیٹے کو پاکستان کا حکمران بنا کر ہندوستان کی حدود میں توسیع کردی تھی۔‘‘
انھوں نے مزید کہا کہ راملیلا دنیا بھر میں منایا جانا چاہیے۔ آدتیہ ناتھ نے رام پر سوالات اٹھانے والے لوگوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا’’ابھی بھی کچھ لوگ موجود ہیں جو ایودھیا میں رام کے وجود پر سوال اٹھاتے ہیں، لیکن تاریخی حقائق سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے۔‘‘
رامائن انسائیکلوپیڈیا کا پہلا ایڈیشن انگریزی زبان میں جاری کیا گیا ہے۔ ہندی اور تمل زبانوں میں اس کا پہلا ایڈیشن ایک ماہ بعد شائع کیا جائے گا۔ اترپردیش کے محکمہ ثقافت نے وزارت خارجہ کے تعاون سے دنیا کے 205 ممالک کے "رامائن” کی میراث کو اس منصوبے میں شامل کیا ہے۔