سماج وادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کا 82 سال کی عمر میں انتقال
نئی دہلی، اکتوبر 10: اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو طویل علالت کے بعد پیر کو انتقال کر گئے۔ وہ 82 سال کے تھے۔
یادو کا 22 اگست سے گروگرام کے میدانتا اسپتال میں علاج چل رہا تھا۔ 2 اکتوبر کو ان کی حالت مزید بگڑ گئی جس کے بعد انھیں اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں منتقل کیا گیا۔
اے این آئی نے اطلاع دی ہے کہ ان کی آخری رسومات پورے ریاستی اعزاز کے ساتھ اٹاوہ ضلع کے سیفائی میں ان کے آبائی گاؤں میں ہوں گی۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ نے ریاست میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
نومبر 1939 میں سیفائی میں پیدا ہوئے ملائم سنگھ یادو پہلی بار 27 سال کی عمر میں ایم ایل اے بنے تھے۔ 1992 میں انھوں نے سماج وادی پارٹی کی بنیاد رکھی اور لوک سبھا میں مین پوری، اعظم گڑھ اور سنبھل کے حلقوں کی نمائندگی کی۔
یادو تین بار اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ رہے – 1989 سے 1991، 1993 سے 1995 اور 2003 سے 2007 تک۔ انھوں نے ایچ ڈی دیوے گوڑا اور آئی کے گجرال کی قیادت میں متحدہ محاذ کی حکومتوں میں 1996 اور 1998 کے درمیان وزیر دفاع کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
پیشے کے لحاظ سے ایک استاد اور تربیت کے لحاظ سے پہلوان، یادو کو اس وقت انتخابی نقصان کا سامنا کرنا پڑا جب انھوں نے 1990 میں رام جنم بھومی تحریک کے عروج پر کار سیوکوں پر گولی چلانے کا حکم دیا۔ تاہم انھوں نے خود کو آئین کے نجات دہندہ کے طور پر پیش کرتے ہوئے اور ایک مضبوط مسلم یادو اتحاد کی بنیاد پر واپسی کی۔
2012 میں ان کی پارٹی کی اتر پردیش کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے بعد یادو نے وزیر اعلیٰ کا عہدہ اپنے بیٹے اکھلیش یادو کو سونپ دیا تھا۔
دریں اثنا مختلف پارٹیوں کے سیاست دانوں نے پیر کو ملائم سنگھ یادو کی موت پر غم کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے تجربہ کار سیاست دان کی موت پر اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایمرجنسی کے دوران جمہوریت کے کلیدی سپاہی تھے۔ انھوں نے ٹویٹر پر لکھا ’’بطور وزیر دفاع، انھوں نے ایک مضبوط ہندوستان کے لیے کام کیا۔ ان کی پارلیمانی مداخلتیں بصیرت انگیز تھیں اور انھوں نے قومی مفاد کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔‘‘
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا کہ یادو کی کامیابیاں، جو ایک عام ماحول سے آئے تھے، غیر معمولی ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’تمام جماعتوں کے لوگ ان کا احترام کرتے تھے۔ ان کے اہل خانہ اور حامیوں سے میری گہری تعزیت ہے۔‘‘
آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے کہا کہ انھوں نے ایک بھائی کھو دیا ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا کہ ہندوستانی سیاست اور سماجی انصاف کی وکالت میں یادو کی شراکت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔