کیجریوال نے راجیہ سبھا کے ذریعے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کو مزید طاقت دینے والے بل کی منظوری کو ’’جمہوریت کے لیے افسوسناک دن‘‘ قرار دیا

نئی دہلی، مارچ 25: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بدھ کے روز کہا کہ راجیہ سبھا کے ذریعے قومی دارالحکومت دہلی ترمیمی بل 2021 کی منظوری ’’جمہوریت کے لیے ایک افسوسناک دن‘‘ ہے۔ بل کا مقصد دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کو مزید اختیارات فراہم کرنا ہے۔

انھوں نے ٹویٹ کیا ’’آر ایس (راجیہ سبھا) نے جی این سی ٹی ڈی ترمیمی بل منظور کر لیا۔ ہندوستانی جمہوریت کے لیے افسوسناک دن۔ ہم لوگوں کو طاقت کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ رکاوٹیں جو بھی ہوں، ہم اچھے کام جاری رکھیں گے۔ کام نہ رکے گا اور نہ ہی سست روی کا شکار ہوگا۔‘‘

دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے بھی اسے جمہوریت کے لیے ’’سیاہ دن‘‘ قرار دیا۔ انھوں نے ٹویٹر پر کہا ’’دہلی کے عوام کی منتخب کردہ حکومت کے حقوق چھین کر ایل جی کے حوالے کردیے گئے ہیں۔ ستم ظریفی دیکھیں، پارلیمنٹ کو جمہوریت کے قتل کے لیے استعمال کیا گیا ہے، جسے ہماری جمہوریت کا مندر کہا جاتا ہے۔ دہلی کے عوام اس آمریت کے خلاف لڑیں گے۔‘‘

اراکین نے ڈویژن پرچیوں کے ذریعے ووٹ ڈالنے کے بعد اس بل کو منظور کیا، جس میں 83 نے اس کے حق میں اور 45 نے اس کے خلاف ووٹ دیا گیا۔ کانگریس کے ملیکارجن کھڑگے سمیت اس بل کی مخالفت کرنے والے ارکان پارلیمنٹ ووٹ ڈالنے کے فورا بعد ہی ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔

کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے احتجاج کے درمیان پیر کے روز اس متنازعہ بل کو لوک سبھا میں منظور کیا گیا تھا۔