ہنڈنبرگ کے الزامات کے بعد دوسرے دن بھی اڈانی گروپ کے شیئرز میں گراوٹ جاری

نئی دہلی، جنوری 27: اڈانی گروپ کی تمام 9 لسٹڈ کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں جمعہ کو مسلسل گرتی رہیں۔ یہ اس کے دو دن بعد ہوا جب امریکہ میں مقیم کمپنی ہنڈنبرگ ریسرچ کی ایک رپورٹ نے اس گروپ پر اسٹاک میں ہیرا پھیری اور آف شور ٹیکس پناہ گاہوں کے غلط استعمال کا الزام لگایا تھا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق منگل کو بازار بند ہونے کے بعد سے اڈانی گروپ کے کچھ اسٹاکس میں 20 فیصد تک کمی کے ساتھ نو کمپنیوں کو مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 4.20 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔

بزنس اسٹینڈرڈ نے رپورٹ کیا کہ اس کا ہندوستانی ایکویٹی مارکیٹ پر گہرا اثر پڑا کیوں کہ بدھ اور جمعہ کو صرف دو تجارتی سیشنوں میں سرمایہ کاروں کی دولت میں 12 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی۔ یوم جمہوریہ کی وجہ سے جمعرات کو بازار بند تھے۔

بدھ کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں ہنڈنبرگ نے دعویٰ کیا تھا کہ اڈانی گروپ کی کلیدی لسٹڈ کمپنیاں ’’غیر یقینی مالیاتی بنیاد‘‘ پر ہیں۔ اس نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ ہندوستان کے سب سے امیر شخص گوتم اڈانی کی سربراہی میں گروپ نے زیادہ قیمت والے حصص گروی رکھ کر کافی قرض جمع کیا ہے۔

جمعہ کی صبح تجارت کے لیے بازار کھلنے کے فوراً بعد اڈانی اسٹاک میں تیزی سے کمی آگئی۔ دوپہر 3.25 بجے گروپ کی فلیگ شپ کمپنی اڈانی انٹرپرائزز 18 فیصد سے زیادہ نیچے تھی۔ اڈانی ٹوٹل گیس، اڈانی گرین انرجی اور اڈانی ٹرانسمیشن سب سے خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تھے کیوں کہ اسٹاک میں ہر ایک میں 20 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔

اڈانی پاور (5%)، اڈانی پورٹس (15.58%) اور اڈانی ولمار (5%) کو بھی نمایاں نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔ مجموعی طور پر 30 شیئرز پر مشتمل بی ایس ای سینسیکس تقریباً 900 پوائنٹس یا 1.5 فیصد نیچے رہا۔

کانگریس نے تحقیقات کا مطالبہ کیا

دریں اثنا کانگریس نے جمعہ کو مطالبہ کیا کہ ریزرو بینک آف انڈیا اور مارکیٹس ریگولیٹر سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا کو اڈانی گروپ کے خلاف ہنڈنبرگ کے الزامات کی تحقیقات کرنی چاہیے۔

ایک بیان میں کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج برائے کمیونیکیشن جے رام رمیش نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پبلک سیکٹر کے مالیاتی اداروں جیسے لائف انشورنس کارپوریشن اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا کا اڈانی گروپ سے رابطہ ہے۔

رمیش نے دعویٰ کیا کہ LIC کے ایکویٹی اثاثوں کا 8 فیصد، جو کہ 74,000 کروڑ روپے کی مالیت کا ہے، اڈانی گروپ کی کمپنیوں میں لگا ہوا ہے۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ اس کے علاوہ اڈانی گروپ کو دیے گئے قرضوں میں سے 40 فیصد ایس بی آئی کے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ان اداروں نے آزادانہ طور پر اڈانی گروپ کو مالی امداد فراہم کی ہے، یہاں تک کہ ان کے نجی شعبے کے ہم منصبوں نے کارپوریٹ گورننس اور مقروض ہونے کے خدشات کی وجہ سے سرمایہ کاری سے بچنے کا انتخاب کیا ہے۔‘‘

اپنے بیان میں رمیش نے دعوی کیا کہ نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت اور اڈانی کی سربراہی والی کمپنیوں کے گروپ کے درمیان ’’قریبی تعلقات‘‘ ہیں۔

انھوں نے پوچھا ’’کالے دھن کے بارے میں اپنے تمام دعووں کے باوجود کیا مودی حکومت نے اپنے پسندیدہ کاروباری گروپ کی غیر قانونی سرگرمیوں پر آنکھیں بند کرنے کا انتخاب کیا ہے؟‘‘