ریزرو بینک آف انڈیا یکم دسمبر سے پائلٹ کی بنیاد پر ڈیجیٹل روپیہ شروع کرے گا

نئی دہلی، نومبر 29: ریزرو بینک آف انڈیا نے منگل کو کہا کہ وہ یکم دسمبر کو ڈیجیٹل روپے کے لیے پائلٹ رن کا آغاز کرے گا۔

ڈیجیٹل کرنسی بینک نوٹ کے مساوی ہے لیکن اسے الیکٹرانک شکل میں جاری کیا جائے گا۔

ریزرو بینک آف انڈیا نے کہا کہ صارفین بینکوں کی طرف سے پیش کردہ ڈیجیٹل والیٹ کے ذریعے ای-روپے کے ساتھ لین دین کرنے کے قابل ہوں گے جو کہ پائلٹ رن کا حصہ ہیں اور موبائل فون یا ڈیوائسز پر محفوظ ہیں۔

پائلٹ کو ممبئی، نئی دہلی، بنگلورو اور بھونیشور اور بعد میں احمد آباد، گنگٹوک، گوہاٹی، حیدرآباد، اندور، کوچی، لکھنؤ، پٹنہ اور شملہ میں لانچ کیا جائے گا۔

اسے آٹھ بینکوں کے ساتھ دو مرحلوں میں شروع کیا جائے گا۔ ڈیجیٹل کرنسی پہلے مرحلے میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا، آئی سی آئی سی آئی بینک، یس بینک اور آئی ڈی ایف سی فرسٹ بینک کے پاس دستیاب ہوگی۔ بینک آف بڑودہ، یونین بینک آف انڈیا، ایچ ڈی ایف سی بینک اور کوٹک مہندرا بینک دوسرے مرحلے میں شامل ہوں گے۔

ای روپیہ کاغذی کرنسی اور ان سکوں کی طرح جاری کیا جائے گا جو زیر گردش ہیں۔

مرکزی بینک نے کہا کہ لین دین آپسی اور تاجرانہ دونوں طرح کے ہو سکتے ہیں۔ کوئی بھی شخص دستیاب QR کوڈ کو اسکین کرکے مرچنٹ کو ادائیگی کرسکتا ہے۔

ڈیجیٹل کرنسی پر کوئی سود نہیں ملے گا اور ضرورت پڑنے پر اسے رقم کی دوسری شکلوں جیسے بینک ڈپازٹس میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

ریزرو بینک آف انڈیا نے کہا کہ ’’پائلٹ، ڈیجیٹل روپے کی تخلیق، تقسیم اور خوردہ استعمال کے پورے عمل کی حقیقی وقت میں مضبوطی کی جانچ کرے گا۔‘‘