راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت اتنی ہی تیزی سے بحال کی جائے جتنی تیزی کے ساتھ انھیں نااہل قرار دیا گیا تھا: ادھیر رنجن چودھری نے اسپیکر سے کہا
نئی دہلی، اگست 6: لوک سبھا میں کانگریس پارٹی کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے ہفتہ کو کہا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو اسی رفتار سے رکن پارلیمنٹ کے طور پر بحال کیا جانا چاہیے جس رفتار سے انہیں ہتک عزت کے مقدمے میں سزا کے بعد نااہل قرار دیا گیا تھا۔
گاندھی کو 24 مارچ کو رکن پارلیمنٹ کے طور پر نااہل قرار دیا گیا تھا، اس کے ایک دن بعد جب گجرات کی ایک عدالت نے انھیں قصوروار ٹھہرایا اور انھیں دو سال قید کی سزا سنائی۔
چودھری نے ہفتہ کے روز کہا کہ برلا نے انھیں لوک سبھا کے سکریٹری جنرل کے دفتر سے رابطہ کرنے اور گاندھی کی بحالی کا مطالبہ کرنے والا خط دینے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے کہا کہ دفتر میں ایک انڈر سیکرٹری نے خط وصول کر لیا ہے۔
چودھری نے کہا ’’اگرچہ اس نے دستخط کر دیے، لیکن اس نے مہر نہیں لگائی۔‘‘
لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر نے کہا کہ اس خط کے ساتھ انھوں نے لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے گاندھی کو نااہل قرار دینے کا جاری کردہ نوٹیفکیشن اور سپریم کورٹ کے حکم کی کاپی بھی پیش کی ہے۔
انھوں نے کہا ’’میں نے اپنی پارٹی کی جانب سے قواعد کے مطابق وہ سب کچھ کیا ہے جس کی ضرورت ہے… جس رفتار سے راہل گاندھی کو نااہل قرار دیا گیا تھا… ان کی بحالی بھی اسی رفتار سے ہونی چاہیے۔‘‘
چودھری نے برلا پر زور دیا کہ وہ پیر سے پہلے گاندھی رکنیت بحال کریں۔