راہل نوین کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا ایکٹنگ ڈائریکٹر مقرر کیا گیا

نئی دہلی، ستمبر 16: مرکز نے جمعہ کو 1993 بیچ کے انڈین ریونیو سروس آفیسر راہل نوین کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کا ایکٹنگ ڈائریکٹر مقرر کیا۔

وزارت خزانہ نے ایک حکم میں کہا کہ نوین، جنھوں نے سنجے کمار مشرا کی جگہ لی ہے، باقاعدہ ڈائریکٹر کی تقرری تک یا اگلے احکامات تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔

مشرا کی میعاد 15 ستمبر کو اس وقت ختم ہو گئی، جب جولائی میں سپریم کورٹ نے انھیں ’’بڑے عوامی مفاد‘‘ کے پیشِ نظر جو توسیع دی تھی وہ ختم ہو گئی۔ یہ اس کے بعد ہوا جب سپریم کورٹ نے کہا کہ مشرا کو مرکزی حکومت کی طرف سے دی گئی دو توسیع غیر قانونی تھی۔

مشرا کو 19 نومبر 2018 کو دو سال کی مدت کے لیے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ ان کی میعاد کو 2020 میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیر قیادت مرکزی حکومت نے ایک سال کے لیے بڑھایا تھا۔

اس کے بعد ایک غیر سرکاری تنظیم کامن کاز نے ایک مفاد عامہ کی عرضی دائر کی، جس میں مشرا کی مدت کار میں توسیع کے حکم کو مسترد کرنے کا مطالبہ کیا گیا، کیوں کہ انھوں نے دعویٰ کیا کہ مشرا کی تین سالہ مدت کار نے سنٹرل ویجیلنس کمیشن ایکٹ کے سیکشن 25 کی خلاف ورزی کی۔

سپریم کورٹ نے ستمبر 2021 میں حکومت کو ہدایت دی کہ مشرا کی میعاد میں مزید توسیع نہ کی جائے۔ تاہم مرکز نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے دو آرڈیننس متعارف کرائے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے ڈائریکٹرز کی میعاد پانچ سال تک ہو سکتی ہے۔ آرڈیننس نے مشرا کو مزید ایک سال تک عہدے پر بنے رہنے کی اجازت دی۔

نومبر 2022 میں حکومت نے دوبارہ ان کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کر دی۔ حکومت کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انھیں 18 نومبر 2023 تک عہدے پر رہنا تھا۔ تاہم سپریم کورٹ نے مداخلت کی اور مشرا کو 31 جولائی کو عہدہ چھوڑنے کا حکم دیا۔ مرکز کی جانب سے عدالت سے درخواست کرنے کے بعد میعاد 15 ستمبر تک بڑھا دی گئی۔