راہل گاندھی پر زور دیا گیا تھا کہ وہ مجھے کانگریس کے صدارتی انتخاب سے دستبردار ہونے کے لیے کہیں، ششی تھرور کا دعویٰ
نئی دہلی، اکتوبر 4: ترووننت پورم کے ایم پی ششی تھرور نے منگل کو دعویٰ کیا کہ کانگریس کے کچھ لیڈروں نے راہل گاندھی پر زور دیا ہے کہ وہ مجھ پر پارٹی کے صدارتی انتخابات سے دستبرداری اختیار کرنے مطالبہ کریں۔
تھرور نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ گاندھی نے تاہم ان سے کہا ہے کہ وہ ایسا نہیں کریں گے۔ تھرور نے کہا ’’انھوں نے کہا کہ مجھے دستبردار نہیں ہونا چاہیے اور مجھے الیکشن میں حصہ لینا چاہیے۔‘‘
تھرور اور کانگریس لیڈر ملکارجن کھڑگے کانگریس صدر کے عہدے کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ دونوں رہنما 8 اکتوبر تک اپنے فارم واپس لے سکتے ہیں۔
سب سے طویل عرصے تک پارٹی صدر رہنے والی سونیا گاندھی کے جانشین کا فیصلہ کرنے کے لیے انتخاب 17 اکتوبر کو ہوگا۔ نتائج کا اعلان دو دن بعد کیا جائے گا۔
منگل کو تھرور نے کہا کہ وہ الیکشن میں پارٹی کے ’’بڑے لیڈروں‘‘ سے حمایت کی توقع نہیں کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے مطابق تھرور نے کہا ’’میں پارٹی کے بڑے رہنماؤں سے کسی حمایت کی توقع نہیں کر رہا تھا اور میں اب بھی اس کی توقع نہیں کر رہا ہوں۔ دراصل میں نے ناگپور، وردھا اور پھر حیدرآباد میں پارٹی کارکنوں سے ملاقات کی۔‘‘
کانگریس ایم پی نے مزید کہا کہ وہ ان لوگوں کو دھوکہ نہیں دیں گے جنھوں نے اب تک ان کی حمایت کی ہے۔ انھوں نے کہا ’’ان کا مجھ پر اعتماد ہی مجھے آگے بڑھنے کی طاقت دیتا ہے۔‘‘
تھرور کا یہ تبصرہ کیرالہ کانگریس کے صدر کے سدھاکرن کے انتخاب میں کھڑگے کی حمایت کا اعلان کرنے کے ایک دن بعد آیا ہے۔
سدھاکرن نے کہا تھا کہ تنظیمی سطح پر کھڑگے کا تجربہ، ان کی مقبولیت کے ساتھ کانگریس پارٹی کو مضبوط کرے گا۔
اس کے جواب میں تھرور نے تاہم کہا کہ سدھاکرن نے شاید اپنی ذاتی پسند کا اظہار کیا اور اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔