آر ایس ایس ’’خواتین کو دباتا ہے‘‘، اس کی کوئی خاتون رکن نہیں، راہل گاندھی کا دعویٰ
نئی دہلی، دسمبر 15: کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بدھ کے روز الزام لگایا کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ ’’خواتین کو دباتا ہے‘‘ اور اس نے انھیں اپنی تنظیم میں شامل نہیں کیا ہے۔
گاندھی نے دعویٰ کیا کہ ’’آپ کو ان کی تنظیم میں عورت نہیں ملے گی، آپ کو آر ایس ایس میں عورت نہیں ملے گی۔ وہ خواتین کو دباتے ہیں اور انھیں اپنی تنظیم میں داخل نہیں ہونے دیتے۔‘‘
ویسے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے پاس خواتین کا ایک ونگ ہے جس کا نام راشٹرا سیویکا سمیتی ہے۔
گاندھی نے یہ دعویٰ راجستھان کے دوسہ ضلع کے بگدی گاؤں میں اپنی پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا کے ایک حصے کے طور پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
بدھ کی بات چیت کے دوران کانگریس کے سابق صدر نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری کا خوف بڑھ رہا ہے اور مزید کہا کہ آر ایس ایس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کو اس کا فائدہ مل رہا ہے۔
گاندھی نے کہا ’’اس خوف سے صرف بی جے پی اور آر ایس ایس کو فائدہ ہوتا ہے کیوں کہ وہ اس خوف کو نفرت میں بدل دیتے ہیں۔ ان کی تمام تنظیمیں ایک ہی کام کرتی ہیں.. وہ ملک کو تقسیم کرنے، نفرت اور خوف پھیلانے کا کام کرتی ہیں۔‘‘
انھوں نے مزید کہا ’’اسی لیے بھارت جوڑو یاترا کا سب سے اہم مقصد ملک میں پھیلے خوف اور نفرت کے خلاف کھڑا ہونا ہے۔‘‘
3,570 کلومیٹر طویل بھارت جوڑو یاترا 7 ستمبر کو کنیا کماری میں شروع ہوئی تھی۔