رگھورام راجن راجستھان میں کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہوئے
نئی دہلی، دسمبر 14: ریزرو بینک آف انڈیا کے سابق گورنر رگھورام راجن بدھ کو کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے ساتھ راجستھان میں اپنی پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا میں شامل ہوئے۔
کانگریس نے گاندھی اور راجن کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا ’’نفرت کے خلاف ملک کو متحد کرنے کے لیے اٹھنے والے لوگوں کی بڑھتی ہوئی تعداد ظاہر کرتی ہے کہ ہم کامیاب ہوں گے۔‘‘
3,570 کلومیٹر طویل بھارت جوڑو یاترا 7 ستمبر کو کنیا کماری میں شروع ہوئی تھی۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ اس مارچ کا مقصد تقسیم کی سیاست کا مقابلہ کرنا ہے جس کو بھارتیہ جنتا پارٹی بڑھاوا دے رہی ہے۔
راجن نے کئی مواقع پر نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر تنقید کی ہے۔
اگست میں راجن نے کہا تھا کہ رواں مالی سال کے لیے ہندوستان کی 7 فیصد کی اقتصادی ترقی، ملک کو جس قسم کی ملازمتوں کی ضرورت ہے اس کے لیے ناکافی ہے۔
راجن نے یہ بھی کہا تھا کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت کو نوٹ بندی اور اب منسوخ شدہ زرعی قوانین جیسے فیصلے کرنے سے پہلے بات چیت کرنے کی ضرورت تھی۔