کسان احتجاج: کسان یونین نے 18 فروری کو ملک بھر میں چار گھنٹے کے لیے ’’ریل روکو‘‘ احتجاج کا اعلان کیا
نئی دہلی، فروری 11: کسان یونیوں کی مشترکہ تنظیم کسان ایکتا مورچہ نے بدھ کے روز کہا کہ 18 فروری کو ملک بھر میں چار گھنٹے کے لیے ریل روکو احتجاج یا ریلوے ناکہ بندی کی جائے گی۔
کسانوں کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ نے اعلان کیا ’’18 فروری کو دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے کے درمیان ملک گیر ’’ریل روکو‘‘ احتجاج کیا جائے گا۔ احتجاج کرنے والے کسانوں نے 14 فروری کو پلوامہ حملے کی یاد میں تقاریب کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ راجستھان کے تمام ٹول پلازہ 12 فروری کو ’’ٹول فری‘‘ ہوں گے۔
اس سے قابل اسی ماہ کے شروع میں احتجاج کرنے والے کسانوں نے تینوں زرعی قوانین کی منسوخی کا مطالبہ کرتے ہوئے تین گھنٹے تک ملک گیر ’’چکا جام‘‘ کیا تھا۔
دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز کہا کہ مرکز اور پارلیمنٹ نئے قوانین کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ’’کسانوں کا بہت احترام کرتے ہیں‘‘ لیکن یہ قانون سازی زبردستی نہیں ہے اور احتجاج کرنے والے کسان افواہوں کا شکار ہیں۔
واضح رہے کہ ہزاروں کسان دو مہینے سے بھی زیادہ عرصے سے دہلی کے سرحدی مقامات پر ڈیرے ڈال کر احتجاج کر رہے ہیں۔ حکومت اور کسانوں کے درمیان متعدد دور کے مذاکرات ناکام ہوچکے ہیں اور کسان تینوں قوانین کی مکمل منسوخی کے اپنے مطالبے پر قائم ہیں۔