راہل کی پیدل یاترا میں پرینکا کی شرکت
نئی دہلی، نومبر 24: کانگریس کے سابق صدر و رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا آج صبح مدھیہ پردیش کے کھنڈوا ضلع کے بورگاؤں سے شروع ہوئی، جس میں پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی پہلی بار شرکت کی۔
ریاست میں یاترا کے دوسرے دن سخت حفاظتی انتظامات، سینئر لیڈروں اور پارٹی کارکنوں کی موجودگی میں مسٹر گاندھی نے مقررہ وقت کے مطابق صبح بورگاؤں سے پیدل یاترا کا آغاز کیا۔ پرینکا گاندھی ، جو کل یاترا میں شامل ہونے آئی تھیں، نے بھی اپنے بھائی کے ساتھ قدم سےقدم ملاکر یاترا کا حصہ بنیں۔ محترمہ گاندھی جمعہ اور ہفتہ کو بھی یاترا کے ساتھ پیدل چلیں گی۔
کانگریس کے ریاستی صدر کمل ناتھ، یاترا کوآرڈینیٹر دگ وجے سنگھ، سینئر لیڈر جے رام رمیش، سابق مرکزی وزراء ارون یادو، جیتو پٹواری اور درجنوں سینئر کانگریس لیڈر اور عہدیدار بھی یاترا کے ساتھ ساتھ چل رہے ہیں۔
مسٹر گاندھی کی پیدل یاترا دن کے تقریباً دس بجے یا اس کے بعددلہر پھاٹا پہنچے گی۔ صبح کے آرام کا پروگرام یہیں ہے۔ اس کے بعد آج ہی یاترا قبائلی قبیلہ تانتیا بھیل کی جائے پیدائش بڑودہ اہیر پہنچے گی۔ وہاں قبائلی اجلاس بھی ہوگا۔
اس کے بعد مسٹر گاندھی پندھانا میں گرودوارہ صاحب پہنچیں گے۔ پیدل یاترا دوپہر 3.30 بجے دوبارہ شروع ہوگی اور آج کا وقفہ دیر شام چھیگاؤں مکھن میں کیا جائے گا۔ یاترا کا رات کا آرام روشیا کھیرڈا نامی جگہ پر ہوگا۔ جمعہ کو یہاں سے یاترا دوبارہ شروع ہوگی۔
اس سے پہلے، مسٹر گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا بدھ کو مہاراشٹر کی سرحد سے مدھیہ پردیش کے برہان پور ضلع میں داخل ہوئی تھی۔ یہ یاترا صبح بودرلی سے شروع ہوئی اور مختلف پڑاؤ کے بعد شام کو کھنڈوا ضلع کے بورگاؤں پہنچی تھی۔
کھنڈوا کے ساتھ ساتھ، یاترا کھرگون، اندور، اجین، اگرمالوا اضلاع سے گزر کر 4 دسمبر کو راجستھان کی سرحد میں داخل ہوگی۔ اس دوران مسٹر گاندھی 26 نومبر کو ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی جائے پیدائش مہو (اندور) پہنچیں گے اور ایک میٹنگ کریں گے۔ وہ اجین میں ایک جلسہ عام سے خطاب بھی کریں گے۔