دہلی پولیس نے دہلی میں ہندو یووا واہنی کی تقریب میں نفرت انگیز تقریر کے کیس میں ایف آئی آر درج کی

نئی دہلی، مئی 8: دہلی پولیس نے جمعہ کو سپریم کورٹ کو بتایا کہ اس نے دہلی میں دسمبر میں ہونے والے ہندو یووا واہنی تقریب سے متعلق نفرت انگیز تقریر کے معاملے میں پہلی معلوماتی رپورٹ درج کر لی ہے۔

اس سے قبل پولیس نے 14 اپریل کو پہلی معلوماتی رپورٹ درج کرنے سے گریز کیا تھا، اور کہا تھا کہ قومی راجدھانی میں دھرم سنسد یا مذہبی اجتماع میں کوئی مسلم مخالف نفرت انگیز تقریر نہیں کی گئی تھی۔ 22 اپریل کو سپریم کورٹ نے دہلی پولیس کو ہندوتوا تنظیم کے خلاف اس مقدمے میں ’’بہتر حلف نامہ‘‘ داخل کرنے کی ہدایت دی تھی۔

ایک تازہ حلف نامے میں دہلی پولیس نے کہا کہ اس نے یوٹیوب چینل پر ہندو یووا واہنی کے پروگرام کے ایک ویڈیو کا تجزیہ کیا ہے۔

دہلی کے پروگرام کی ایک ویڈیو میں ٹیلی ویژن چینل سدرشن نیوز کے چیف ایڈیٹر سریش چوہانکے کو لوگوں کے ایک گروپ کو ہندوستان کو ’’ہندو راشٹر‘‘ بنانے کے لیے ’’مرنے اور مارنے‘‘ کا حلف دلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

دہلی پولیس نے کہا ’’مواد کی تصدیق کے بعد 4 مئی کو پولیس اسٹیشن اوکھلا انڈسٹریل ایریا، ساؤتھ ایسٹ دہلی ڈسٹرکٹ میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔‘‘

پٹنہ ہائی کورٹ کی سابق جج انجنا پرکاش اور صحافی قربان علی کی طرف سے دائر مفاد عامہ کی عرضی کے جواب میں یہ عرضی دی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ 17 اور 19 دسمبر کے درمیان دو الگ الگ تقاریب میں نفرت انگیز تقاریر کی گئیں – ایک دہلی میں اور دوسری ہریدوار میں۔

پہلی معلوماتی رپورٹ تعزیرات ہند کی دفعہ 153A (مذہب، نسل، جائے پیدائش، رہائش کی بنیاد پر مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا)، 295A (مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے لیے جان بوجھ کر اور بدنیتی پر مبنی حرکتیں)، 298 (مذہبی جذبات کو مجروح کرنا) اور دفعہ 34 کے تحت درج کی گئی ہے۔