پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے پہلے دن بغیر بحث کے زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا بل منظور کر لیا گیا
نئی دہلی، نومبر 29: متنازعہ زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کا ایک بل آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں بغیر کسی بحث کے منظور کر لیا گیا۔ اس سے چند گھنٹے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ ان کی حکومت تمام سوالات کے جوابات پر تبادلۂ خیال اور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
زرعی قوانین منسوخی بل 2021 کو پانچ منٹ سے بھی کم وقت میں منظور کر لیا گیا جب راجیہ سبھا کا اجلاس ملتوی ہونے کے بعد بلایا گیا۔ اس سے پہلے دن میں وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کی جانب سے پیش کیے جانے کے چند منٹوں کے اندر ہی لوک سبھا میں بھی یہ بل منظور کر لیا گیا تھا۔
ایوان بالا میں تومر نے کہا کہ اس پر کسی بحث کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ اپوزیشن نے پچھلے سال بنائے گئے قوانین کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ تومر نے دعویٰ کیا کہ ’’یہ بل وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے دکھائی گئی عظمت کی ایک مثال ہے۔‘‘
بل کی منظوری کے لیے تحریک کی منظوری سے قبل راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نارائن سنگھ نے قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے کو دو منٹ تک بولنے کی اجازت دی۔ کھڑگے نے کہا کہ مودی حکومت نے ایک سال اور تین ماہ کے بعد قانون سازی کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس بات کی نشان دہی کی ہے کہ احتجاج کے دوران 700 کسانوں کی موت ہوئی ہے۔
سینئر کانگریس لیڈر نے کہا کہ حکومت نے حال ہی میں ختم ہونے والے ضمنی انتخابات اور پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات سے قبل مظاہروں کے اثرات کا جائزہ لینے کے بعد زرعی قوانین کو واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
جب کھڑگے نے بولنے کے لیے مقررہ وقت سے تجاوز کیا تو ڈپٹی چیئرمین نے تومر کو تحریک پیش کرنے کے لیے بلایا۔ اپوزیشن رہنماؤں کے احتجاج کے درمیان بل کو صوتی ووٹنگ سے منظور کر لیا گیا۔
لوک سبھا میں ڈی ایم کے اور ترنمول کانگریس کے اراکین اسمبلی بل پر بحث کے لیے ایوان کے ویل میں آئے۔ کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ، جو شروع میں وہاں موجود تھے، پارٹی لیڈر ادھیر رنجن چودھری کو مطالبات کرنے دینے کے لیے اپنی نشستوں پر واپس چلے گئے۔
تاہم لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ جب تک ایوان ٹھیک نہیں ہوگا وہ بحث کی اجازت نہیں دیں گے۔ اس کے بعد بل کو صوتی ووٹ سے منظور کیا گیا اور ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی گئی۔
این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق حزب اختلاف کے رہنماؤں نے نشان زند کیا کہ پانچ یا چھ ایسے مواقع پر بحث کی اجازت دی گئی تھی جب کسی قانون کو ختم کر دیا گیا تھا۔ ادھیر رنجن چودھری نے پوچھا ’’جب یہ بل غور اور منظوری کے لیے درج ہے تو اس پر بحث کیوں نہیں ہو سکتی؟ یہ حکومت، 2014 سے بغیر کسی بحث کے بلوں کو منظور اور منسوخ کر رہی ہے۔ آپ نے اس گھر کو سواری کے لیے لیا ہے۔‘‘
اپوزیشن نے یہ بھی الزام لگایا کہ مودی حکومت نے کسانوں کے لیے کم از کم امدادی قیمت کے معاملے پر بات کرنے سے بچنے کے لیے بحث کو ٹال دیا۔
دوسرے رد عمل
دریں اثنا کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ بغیر بحث کے تینوں زرعی قوانین کو منسوخ کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ حکومت جانتی ہے کہ اس نے کچھ غلط کیا ہے۔
گاندھی نے نامہ نگاروں سے کہا ’’ہم ان بلوں کے پیچھے کی قوتوں کے بارے میں بحث کرنا چاہتے تھے کیوں کہ یہ بل صرف وزیر اعظم کے نقطہ نظر کی عکاسی نہیں کرتے، یہ بل وزیر اعظم کے پیچھے کی قوتوں کی عکاسی کرتے ہیں اور ہم اسی پر بات کرنا چاہتے تھے۔‘‘
انھوں نے مزید کہا ’’ہم ایم ایس پی پر بات کرنا چاہتے تھے، ہم لکھیم پور کھیری واقعہ پر بات کرنا چاہتے تھے، ہم اس احتجاج میں مرنے والے 700 کسانوں پر بات کرنا چاہتے تھے اور بدقسمتی سے اس بحث کی اجازت نہیں دی گئی۔‘‘
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ نے یہ بھی پوچھا کہ اگر بحث کی اجازت نہیں ہے تو پارلیمنٹ کا کیا فائدہ ہے۔
سماج وادی پارٹی کی راجیہ سبھا ایم پی جیا بچن نے کہا کہ انھوں نے پارلیمنٹ میں ایسا ماحول کبھی نہیں دیکھا، جہاں اپوزیشن کو بولنے کی بھی اجازت نہ ہو۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’[یہ] بل مکمل افراتفری میں منظور کیا گیا تھا۔ مجھے لگتا ہے کہ اب پارلیمنٹ کے تحفظ کا خصوصی بل پاس ہونا چاہیے۔ چھوٹی جماعتوں کو بولنے کا موقع نہیں ملتا۔‘‘