پاکستان: بلوچستان میں خودکش بم دھماکے میں نو افراد ہلاک

نئی دہلی، مارچ 6: پیر کو پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ایک خودکش بم حملے میں نو افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔

مرنے والوں میں آٹھ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

بی بی سی کی خبر کے مطابق دھماکہ سیبی اور کچھی اضلاع کی سرحد سے متصل ایک پل پر اس وقت ہوا، جب ایک نامعلوم شخص نے اپنی موٹر سائیکل پولیس کی گاڑی سے ٹکرا دی۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ پولیس وین دھادر ٹاؤن سے کوئٹہ جا رہی تھی، جہاں بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار تعینات تھے۔

بلوچستان کانسٹیبلری، صوبے میں پولیس فورس کا ایک محکمہ ہے جو جیلوں سمیت اہم مقامات اور حساس علاقوں میں سیکیورٹی کو یقینی بناتا ہے۔

ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

بی بی سی کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ صوبے میں امن کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کو ’’عوام کے تعاون سے ناکام بنایا جائے گا۔‘‘

پیر کو یہ حملہ صوبہ بلوچستان کے ایک پرہجوم بازار میں ایک اور دھماکے کے ایک ہفتے بعد ہوا ہے، جس میں کم از کم چار افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوئے تھے۔

وہیں 5 فروری کو بلوچستان کے علاقے گوادر میں ایک بم حملے میں کوسٹ گارڈز کا ایک اہلکار ہلاک اور سات دیگر زخمی ہوئے تھے۔ کوسٹ گارڈز کے اہلکار گاڑی میں سفر کر رہے تھے، جب وہ بارودی سرنگ سے ٹکرائے اور اس کے بعد موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے ان پر گھات لگا کر حملہ کیا۔

اس سے قبل 30 جنوری کو پاکستان کے پشاور میں ایک اور ہلاکت خیز دھماکے میں 83 افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔