پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں سیلاب سے 119 افراد ہلاک، مہلوکین کی مجموعی تعداد 1000 سے تجاوز کر گئی
نئی دہلی، اگست 29: دی ڈان کی خبر کے مطابق اتوار کو پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 1,033 تک پہنچ گئی۔ ان میں سے گذشتہ 24 گھنٹوں میں 119 افراد ہلاک ہوئے۔
ملک کی نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق مرنے والوں میں 348 بچے اور 207 خواتین بھی شامل ہیں، جو 14 جون سے بارش سے متعلقہ واقعات میں ہلاک ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں اس سال 388.7 ملی میٹر بارش ہوئی، جو اس کی قومی اوسط 134 ملی میٹر سے تقریباً تین گنا زیادہ ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صرف اگست میں ملک میں 166.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔ بارشوں میں اضافے کے سبب ملک بھر میں سیلاب کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔
جمعرات کو ملک میں سیلاب کی تباہ کن صورت حال کے پیش نظر قومی ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا۔
جیو نیوز کے مطابق پاکستان کے 160 میں سے کم از کم 110 اضلاع سیلاب کی زد میں آ چکے ہیں۔
پاکستانی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ ملک اس دہائی میں دیکھنے میں آنے والی سب سے سنگین تباہی کا سامنا کر رہا ہے۔
رحمان نے ٹی آر ٹی ورلڈ کو بتایا کہ ’’اس سیزن میں ہم نے بارش کے موجودہ آٹھویں اسپیل کے ساتھ مکمل طور پر غیر معمولی بارش دیکھی جب کہ اوسط عام طور پر چار سے پانچ ہوتی ہے، جس کی وجہ سے بہت سے لوگ تیار نہیں تھے۔ ہمارا بنیادی ڈھانچہ مفلوج ہو چکا ہے اور لوگ رہائش اور خوراک کے لیے پریشان ہیں۔‘‘
حکومت نے ملک بھر میں بچاؤ اور امدادی کارروائیوں میں شہری حکام کی مدد کے لیے فوج کو تعینات کیا ہے۔
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مسلح افواج مصیبت میں گھرے تمام لوگوں کی مدد کریں گی۔
باجوہ نے یہ بھی کہا کہ پاک فوج نے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے علاقوں میں 212 ریلیف کلیکشن پوائنٹس قائم کیے ہیں۔
دریں اثنا کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ان کا ملک خوراک کی فراہمی کے لیے اقوام متحدہ کے سینٹرل ایمرجنسی رسپانس فنڈ اور ریڈ کراس کینیڈا کے ذریعے پاکستان کو خوراک اور صاف پانی فراہم کر رہا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ ان کا ملک فوری طور پر خوراک، طبی، دواسازی، خیمے اور پناہ گاہوں کا سامان پاکستان بھیجے گا۔
برطانیہ نے کہا کہ وہ سیلاب کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مدد کے لیے 15 لاکھ پاؤنڈ تک فراہم کر رہا ہے۔
جیو نیوز نے رپورٹ کیا کہ امریکہ نے بھی پاکستان کو اس سے نپٹنے کے لیے 1 ملین ڈالر کی پیشکش کی ہے۔