ایس پی لیڈر اعظم خان  کی مشکلات میں مزید اضافہ، 15 دن میں ٹرسٹ کی عمارت خالی کرنے کا نوٹس

 ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی جگہ پبلک اسکول چلانے کا الزام، یوگی حکومت نے اعظم کے ٹرسٹ کو 99 سال کے لئے دی گئی زمین کی لیز کو منسوخ کر دیا تھا

نئی دہلی،17فروری :۔
یوگی حکومت اور سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کے درمیان رسہ کشی جاری ہے ۔حکومت یکے بعد دیگرے اعظم خاں کے خلاف اقدامات کر رہی ہے۔ گزشتہ دنوں ریاستی حکومت نے اعظم کے جوہر ٹرسٹ کے زیر انتظام رامپور پبلک اسکول کی عمارت کی لیز کو منسوخ کر دیا تھا۔ حکومت کے اس فیصلے کے بعد اب محکمہ اقلیتی امور نے ٹرسٹ کو زمین خالی کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق یوپی اقلیتی کمیشن نے ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے ٹریننگ اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی عمارت اور زمین کو 15 دنوں کے اندر خالی کرنے کو کہا ہے۔
خیال رہے کہ جب ریاست میں سماجوادی پارٹی کی حکومت تھی تو رامپور میں جیل روڈ پر واقع سرکاری زمین اعظم خان کے جوہر ٹرسٹ کو 100 روپے سالانہ کے حساب سے لیز پر دی گئی تھی۔ جوہر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی عمارت تقریباً 20 کروڑ روپے کی لاگت سے بنائی گئی ہے اور اسے 13000 مربع میٹر اراضی پر تعمیر کیا گیا ہے۔ اعظم خان نے جوہر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کو 99 سال کے لیے لیز پر لیا تھا۔
ایس ڈی ایم صدر نرنکار سنگھ نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے محکمہ اقلیتی امور کو ایک خط جاری کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ادارے کی جانب سے کی جا رہی بے ضابطگیوں کی وجہ سے لیز کو منسوخ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ضلع مجسٹریٹ کی طرف سے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس کمیٹی نے انسٹی ٹیوٹ کے منیجر کو حکومت کے خط سے متعلق زمین اور عمارت خالی کرنے کا نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔
ایس ڈی ایم صدر کے مطابق ادارے کے منیجر کو 15 فروری کو نوٹس جاری کیا گیا تھا اور انہیں زمین اور عمارت خالی کرنے کے لیے 15 دن کا وقت دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوٹس میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ اگر مقررہ وقت کے اندر اراضی خالی نہیں کی گئی، تو حکومت کی جانب سے اسے خالی کرنے کے لیے کارروائی کی جائے گی۔