ناسک: اسپتال کے باہر ٹینکر سے آکسیجن لیک ہونے سے آکسیجن کی فراہمی میں خلل کے سبب 22 کوویڈ 19 مریض ہلاک

مہاراشٹر، اپریل 21: این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق مہاراشٹر کے ناسک شہر میں ایک اسپتال کے باہر ٹینکر سے آکسیجن کے اخراج کے بعد آج 22 کورونا وائرس مریضوں کی موت ہوگئی۔

یہ واقعہ ذاکر حسین اسپتال میں پیش آیا اور اس کے نتیجے میں آکسیجن کی سپلائی تقریباً 30 منٹ تک بند رہی۔ پی ٹی آئی کے مطابق اسپتال کوویڈ 19 کے مریضوں کے علاج کے لیے ناسک میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ چلایا جارہا تھا۔ تمام مریض وینٹیلیٹر پر تھے اور مستقل آکسیجن کی فراہمی ضروری تھی۔

ضلع کلکٹر سورج مندھارے نے این ڈی ٹی وی کو بتایا ’’موجودہ معلومات کے مطابق آکسیجن کی فراہمی میں خلل پیدا ہونے کی وجہ سے 22 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔‘‘

مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے نے کہا کہ اس معاملے کو دیکھنے کے لیے تحقیقات کی جائیں گی۔ انھوں نے ممبئی میں نامہ نگاروں کو بتایا ’’یہ رساو آکسیجن ٹینک سے ہوا، جو ان مریضوں کو آکسیجن فراہم کر رہا تھا۔‘‘

فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے وزیر راجیندر شنگانے نے کہا ’’یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے۔ ہم ایک تفصیلی رپورٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم نے انکوائری کا بھی حکم دیا ہے۔ اس کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا۔‘‘

80 میں سے 31 مریضوں کو، جنھیں آکسیجن کی ضرورت ہے، ذاکر حسین اسپتال سے دوسرے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آس پاس آکسیجن کے رساو کی وجہ سے سفید دھواں پھیل گیا ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مہاراشٹر سمیت ملک کی کئی ریاستیں آکسیجن کی قلت کا سامنا کر رہی ہیں۔