ممبئی: آئی ایم ڈی نے 24 گھنٹوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا، شہر کے کئی حصوں میں ٹریفک جام رہا اور راستوں پر پانی جمع ہوگیا

ممبئی، جولائی 19: ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ آج صبح سے اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ممبئی اور اس کے مضافاتی علاقوں میں تیز سے انتہائی تیز بارش ہوگی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ’’کبھی کبھار تیز رفتار ہواؤں کا امکان 45-55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ جاتا ہے۔‘‘

اتوار کے روز ممبئی میں شہر میں موسلادھار بارش میں کم از کم 31 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

رات بھر ہونے والی موسلا دھار بارش کے نتیجے میں ممبئی کے متعدد علاقوں میں پانی بھر گیا۔ اتوار کے روز شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی کی فراہمی میں بھی خلل پڑا تھا کیوں کہ شہر کے بھنڈوپ علاقے میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ ڈوب گیا تھا۔

شہری ادارے نے بتایا کہ چیمبور میں دیوار گرنے سے 19 افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔ وہیں وکھرولی میں متعدد جھونپڑیاں گرنے کے سبب دس اموات ہوئیں اور ایک شخص زخمی ہوا۔ بھنڈوپ میں دیوار گرنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی، جب کہ ایک شخص کی موت اندھیری ویسٹ میں بجلی کے سبب ہوئی۔

ہندوستان ٹائمز کی اطلاع کے مطابق ممبئی کے کچھ حصوں میں آج صبح سے ہی موسلا دھار بارش ہورہی ہے، جس کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے اور ٹریفک جام لگ گیا ہے۔ شدید بارش کے سبب لوکل ٹرینوں کے کام میں بھی رکاوٹیں آئی ہیں۔

شہر میں بارش کے دوران کورونا وائرس ویکسینیشن پروگرام جاری رہے گا، لیکن اس میں رکاوٹیں آنے کی توقع ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق تھانہ میں 51 میں سے صرف دو مراکز کووڈ 19 ویکسین کی پہلی خوراک دے رہے ہیں، کیوں کہ باقی مراکز دوسری خوراک دے رہے ہیں۔

نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ویکسینیشن مراکز پیر کی صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔