متھرا کی عدالت نے شہر کی شاہی عیدگاہ مسجد کے سروے کا حکم دیا
نئی دہلی، دسمبر 24: متھرا کی ایک عدالت نے شہر کی شاہی عیدگاہ مسجد کے سروے کا حکم دیا ہے۔ یہ سروے عدالتی افسر کے ذریعے کیا جائے گا اور رپورٹ 20 جنوری تک جمع کرائی جائے گی۔
عدالت نے یہ حکم ہندو سینا کے صدر وشنو گپتا کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کے دوران دیا، جس کا دعویٰ ہے کہ یہ مسجد دیوتا کرشنا کی جائے پیدائش پر بنائی گئی تھی۔
گپتا نے مسجد کے ارد گرد 13.37 ایکڑ اراضی پر دعویٰ کیا ہے اور وہاں موجود ڈھانچے کو منہدم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
گپتا کی عرضی ان متعدد درخواستوں میں سے ایک ہے جو عدالت میں شاہی عیدگاہ مسجد کو منہدم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے داخل کی گئی ہیں۔ کچھ لوگوں نے مسلمانوں کے مسجد میں نماز ادا کرنے پر پابندی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
30 ستمبر 2020 کو ایک سول عدالت نے عبادت گاہوں کے ایکٹ 1991 کا حوالہ دیتے ہوئے مسجد کو ہٹانے کے مقدمے کو خارج کر دیا تھا۔
تاہم اس فیصلے کو مئی 2022 میں ایک جج نے یہ کہتے ہوئے الٹ دیا تھا کہ مدعی کو شاہی عیدگاہ مسجد کو ہٹانے کے لیے مقدمہ دائر کرنے کا حق ہے۔
اس سال یہ دوسرا واقعہ ہے جب کسی عدالت نے ہندو وکیلوں کی درخواستوں کے جواب میں مسجد کے سروے کا حکم دیا ہے۔
مئی میں وارانسی کی ایک سول عدالت نے شہر کی گیانواپی مسجد کے ویڈیو سروے کی اجازت دی تھی۔