نپور شرما کے خلاف ہندوستان بھر میں زبردست احتجاج

نئی دہلی، جون 10: بی جے پی کی معطل ترجمان نپور شرما اور نکالے گئے لیڈر نوین کمار جندل کی گرفتاری کا مطالبہ کرنے کے لیے آج نماز جمعہ کے بعد دہلی اور لکھنؤ سمیت تمام بڑے قصبوں اور شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

اطلاعات کے مطابق ہزاروں لوگوں نے جمعہ کی نماز کے بعد دہلی کی جامع مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

دہلی کی جامع مسجد کے امام احمد بخاری نے کہا کہ انہوں نے احتجاج کی اپیل دی تھی۔ احتجاج کے لیے پولیس سے بھی اجازت نہیں لی گئی۔ دہلی پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ مظاہرین کو مسجد سے ہٹا دیا گیا ہے۔

حیدرآباد کی مکہ مسجد کے باہر نپور شرما اور نوین جندل کے توہین آمیز تبصروں کے خلاف زبردسست احتجاج کیا گیا۔

بتایا جاتا ہے کہ سب سے بڑا احتجاج سری نگر کے بٹ مالو اور شوپیاں ضلع میں کیا گیا۔

نوی ممبئی میں خواتین کی ایک بڑی تعداد نے نپور شرما اور نوین جندل کے توہین آمیز تبصروں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پیدل مارچ کرتے ہوئے انھوں نے نپور اور نوین جندل کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

لدھیانہ کی جامع مسجد کے امام کی کال کے بعد پنجاب میں بھی احتجاجی مظاہرے ہوئے۔

مہاراشٹر کے شولاپور قصبے میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے اورنپور شرما کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پریاگ راج (​​الہ آباد) کے ایٹالہ نگر علاقے میں نپور شرما اور نوین جندل کے خلاف مظاہروں کے دوران پتھراؤ بھی ہوا۔

مغربی بنگال کے کولکاتا اور ہاوڑہ شہروں میں بھی آج نماز جمعہ کے بعد زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

یوپی کے مرادآباد شہر میں بھی زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔