منی پور حکومت نے دو کوکی باغی گروپوں کے ساتھ سیز فائر معاہدہ ختم کیا
نئی دہلی، مارچ 12: منی پور کی حکومت دو کوکی باغی گروپوں کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے سے دستبردار ہو گئی ہے۔ ان گروپس پر الزام ہے کہ وہ اس ہفتے کے شروع میں تین اضلاع میں ہونے والے مظاہروں کے پیچھے ہیں۔
ریاستی کابینہ نے کوکی نیشنل آرمی اور زومی ریوولیوشنری آرمی کے ساتھ آپریشن کے معاہدوں کی معطلی سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
جمعہ کو ریاست کے تین اضلاع چوراچند پور، کانگ پوکپی اور ٹینگنوپا میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ کانگ پوکپی میں کچھ مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
کانگ پوکپی ضلع میں کچھ علاقوں کو ریزرو جنگلات اور محفوظ جنگلات قرار دینے کی مخالفت میں یہ احتجاج ہوا۔
وزیر اعلیٰ این بیرن سنگھ نے الزام لگایا کہ کوکی نیشنل آرمی اور زومی ریوولیوشنری آرمی نے ریلیوں کو متاثر کیا ہے۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا تھا کہ منی پور حکومت ’’قبائلی زمینی حقوق کا احترام‘‘ کرے اور انھوں نے الزام لگایا کہ کچھ علاقوں کو ان کی رضامندی کے بغیر ریزرو جنگلات اور محفوظ جنگلات قرار دیا گیا ہے۔ انھوں نے استدلال کیا کہ اس معاملے کا فیصلہ پہاڑی علاقوں کی کمیٹی کو آئین کی دفعہ 371C کے تحت کرنا چاہیے تھا، جو ریاست منی پور کے لیے خصوصی دفعات سے متعلق ہے۔
دوسری طرف منی پور حکومت نے الزام لگایا کہ یہ احتجاج ان لوگوں کے دفاع کے لیے کیا گیا جنھوں نے جنگل کی زمین پر قبضہ کیا ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ مبینہ تجاوزات کرنے والوں کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔
معاہدوں سے دستبرداری کے اپنے فیصلے میں ریاستی کابینہ نے ان الزامات پر خصوصی غور کیا کہ کوکی نیشنل آرمی اور زومی ریوولیوشنری آرمی کو چلانے والے زیادہ تر افراد ہندوستانی نہیں ہیں، بلکہ غیر دستاویزی تارکین وطن ہیں۔
حکومت نے چورا چند پور اور ٹینگنوپال کے ضلعی کلکٹروں اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو وجہ بتاؤ نوٹس بھی جاری کیا۔ ان سے یہ بتانے کو کہا گیا ہے کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت ممنوعہ احکامات کے باوجود ریلیوں کی اجازت کیوں دی گئی۔
22 اگست 2008 کو مرکز اور منی پور حکومت نے کوکی عسکریت پسندوں کی دو تنظیموں – کوکی نیشنل آرگنائزیشن اور یونائیٹڈ پیپلز فرنٹ کے ساتھ سیز فائر معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔ کوکی نیشنل آرمی اور زومی ریوولیوشنری آرمی کوکی نیشنل آرگنائزیشن سے وابستہ ہیں۔