ممتا بنرجی نے وہیل چیئر پر بیٹھ کر کولکاتا میں انتخابی ریلی کی قیادت کی، کہا کہ کسی بھی حال میں ’’نہیں جھکوں گی‘‘
مغربی بنگال، مارچ 14: آج مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے وہیل چیئر پر بیٹھ کر انتخابی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی حالت میں سر نہیں جھکائیں گی۔
این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق بنرجی نے کہا کہ وہ اپنی چوٹوں کے باوجود اسمبلی انتخابات سے قبل مہم چلاتی رہیں گی۔ انھوں نے کولکاتا میں کہا ’’میں زخمی اور بیمار ہوں، لیکن میرا مقصد باقی ہے۔ میرا جسم زخموں سے بھرا ہوا ہے۔ میں اسی وہیل چیئر پر پورے بنگال کا چکر لگاؤں گی۔ اگر میں بیڈ ریسٹ لے لوں تو بنگال کے لوگوں تک کون پہنچے گا؟‘‘
اے این آئی کے مطابق مغربی بنگال کی وزیر اعلی اپنے مخالفین کو انتباہ جاری کرتی نظر آئیں، جب انھوں نے کہا کہ ’’زخمی شیر سب سے خطرناک ہوتا ہے۔‘‘
بنرجی نے کہا کہ ان کی پارٹی ترنمول کانگریس اس بات کو یقینی بنائے گی کہ جمہوریت مغربی بنگال میں واپس آئے۔ انھوں نے مزید کہا ’’بنگال کے خلاف تمام سازشوں کو ختم کیا جائے۔ میں یقین دلاتی ہوں کہ میں ایک ٹوٹی ہوئی ٹانگ کے ساتھ وہیل چیئر پر انتخابی مہم چلاؤں گی۔‘‘
اس سے قبل آج ہی الیکشن کمیشن نے نندی گرام میں بنرجی پر ہونے والے مبینہ حملے کو سازش کہنے والے دعووں کو مسترد کردیا۔
مغربی بنگال میں 294 رکنی اسمبلی کے انتخابات آٹھ مرحلوں میں 27 مارچ سے 29 اپریل تک ہوں گے۔ نتائج کا اعلان 2 مئی کو کیا جائے گا۔