مہاراشٹر کے افسران فون کالز کا جواب دیتے ہوئے ’ہیلو‘ کے بجائے ’وندے ماترم‘ کہیں، وزیر کا حکم
نئی دہلی، اگست 15: پی ٹی آئی کے مطابق اتوار کو ثقافتی امور کے وزیر سدھیر منگنتیوار نے کہا کہ مہاراشٹر میں سرکاری افسران کو اب اپنے دفاتر میں فون کالز وصول کرتے وقت ’’ہیلو‘‘ کے بجائے ’’وندے ماترم‘‘ کہنا پڑے گا۔
ایکناتھ شندے کی زیرقیادت ریاستی کابینہ میں وزراء کے لیے اتوار کو قلمدانوں کا اعلان کیے جانے کے فوراً بعد منگنتیوار نے کہا کہ اس معاملے پر 18 اگست تک ایک سرکاری حکم جاری کر دیا جائے گا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق منگنتیوار نے کہا ’’ہیلو انگریزی کا لفظ ہے اور اسے ترک کرنا ضروری ہے۔ وندے ماترم صرف ایک لفظ نہیں ہے، بلکہ ایک ایسا احساس ہے جس کا تجربہ ہر ہندوستانی کرتا ہے… ہم آزادی کے 76ویں سال میں داخل ہو رہے ہیں۔ ہم امرت مہوتسو [آزادی کا] منا رہے ہیں۔ اس لیے میں چاہتا ہوں کہ اہلکار ہیلو کے بجائے فون پر ’وندے ماترم‘ کہیں۔‘‘
اتوار کو پورٹ فولیو کی تقسیم میں مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما دیویندر فڑنویس کو وزارت داخلہ اور مالیات کے قلمدان سونپے گئے۔ چیف منسٹر شندے 10 سے زیادہ محکموں کو سنبھالیں گے جن میں جنرل ایڈمنسٹریشن، شہری ترقی اور عوامی کام شامل ہیں۔
شندے اور فڑنویس 9 اگست تک کابینہ میں واحد وزیر تھے، جب نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے 40 دنوں بعد 18 ایم ایل ایز نے حلف لیا۔ اس دن بی جے پی اور شیوسینا کے نو نو لیڈروں نے حلف لیا لیکن ان کے محکموں کا اعلان اتوار کو کیا گیا۔