لکشدیپ میں حجاب ترک کروانے کی بالواسطہ کوشش

بارہویں جماعت تک لڑکے اور لڑکیوں کے لیے یونیفارم کے لزوم کی ہدایت

سمیع احمد

طالبات اور سرپرستوں کو حجاب پر پابندی عائد کیے جانے کا خوف۔ مسلم اکثریتی جزیرے کی ثقافت خطرے میں
نئی دلی : ملک کا سب سے چھوٹا مرکزی زیر انتظام علاقہ لکشدیپ کو ایک اور تنازعہ کا سامنا ہے۔ اس سے پہلے، یہ جزیرے کے ایڈمنسٹریٹر اور گجراتی سیاست داں پرفل کھوڈا پٹیل کے بارے میں خبروں میں تھا کہ وہ بیل، بچھڑے اور گائے کے ذبیحہ پر پابندی لگانے اور ’’ترقی‘‘ کے مقاصد کے لیے زمین حاصل کرنے کا حکم جاری کر رہے ہیں۔
شہریان لکشدیپ نے اس کی مخالفت کی تھی کیونکہ انہیں یہ محسوس ہوا کہ یہ دراصل کارپوریٹ گھرانوں کو سرکاری زمین الاٹ کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
جزیرے کی آبادی کا 90 فیصد سے زیادہ مسلمان ہیں۔
اب یہ جزیرہ ایک نئے تنازع میں الجھ گیا ہے۔ اس بار بات سرکاری اسکولوں میں یونیفارم کی ہے۔
مقامی افراد نے 11؍ اگست کو اسکول یونیفارم آرڈر کے خلاف احتجاج کیا کیونکہ انہیں شک تھا کہ یہ سر پر اسکارف پر پابندی لگانے کا اقدام ہے جیسا کہ کرناٹک میں سابقہ بی جے پی حکومت نے کیا تھا۔
کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی جیسی سیاسی جماعتیں اس کے خلاف احتجاج منظم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہیں۔ اسکول کے طلباء بھی کلاسوں کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں۔
10؍ اگست کو اسکول یونیفارم سے متعلق جاری کردہ سرکلر میں اسکول کے حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ طلبا مقررہ یونیفارم کے علاوہ دوسرے کپڑے نہ پہنیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر یونیفارم میں حجاب نہیں ہے تو طالبات اسے نہیں پہن سکتیں۔ یہ مؤثر طریقے سے حجاب پہننے پر پابندی لگاتا ہے۔
یہ حکم یو ٹی کے ایجوکیشن ڈائریکٹر راکیش دہیا نے جاری کیا ہے :
’’تمام پرنسپل اور اسکولوں کے سربراہوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ ہر طالب علم صرف مقررہ یونیفارم میں اسکول میں حاضر ہو جس سے نہ صرف یکسانیت، اتحاد اور بھائی چارے کے جذبے کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ طلباء میں نظم و ضبط بھی پیدا ہو گا، اس لیے اسکولوں کے پرنسپل اور سربراہوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ تمام کام کے دنوں میں منظور شدہ یونیفارم پیٹرن پر سختی سے عمل کریں۔ حکم کی عدم تعمیل کو سنجیدگی سے دیکھا جائے گا‘‘
محکمہ تعلیم کی طرف سے تجویز کردہ یونیفارم تمام طلباء کے لیے ٹائی، بیلٹ، موزے اور جوتوں پر مشتمل ہے۔
پانچویں جماعت تک کے لڑکوں کو ہاف پینٹ (چیک ڈیزائن) اور ہاف آستین والے اسکائی بلیو کلر کی شرٹ پہننے کی ضرورت ہوگی جبکہ چھٹی سے بارہویں کلاس تک کے ان کے سینئرز کو نیوی بلیو فل پینٹ اور اسکائی بلیو ہاف پینٹ میں اسکول آنے کے لیے کہا گیا ہے۔
کلاس پنجم تک کی لڑکیوں کو چیک ڈیزائن کے اسکرٹس اور ہاف آستین والے اسکائی بلیو شرٹ پہننا ہوگا اور چھٹی سے بارہویں جماعت تک کی سینئر لڑکیوں کو نیوی بلیو ڈیوائیڈر اسکرٹس اور اسکائی بلیو ہاف آستین شرٹس پہننے ہوں گے۔
انڈین نیشنل کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے یونیفارم کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لکشدیپ کی ثقافت پر حملہ ہے۔
لکشدیپ سے این سی پی کے ایم پی محمد فیصل نے ایک فیس بک پوسٹ میں جزیرے کے لوگوں، خاص طور پر والدین کی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اسکولوں میں حجاب پر پابندی لگانے کے انتظامیہ کے کسی بھی اقدام کی مزاحمت کریں۔ محمد فیصل نے کہا کہ سرکاری سرکلر میں حجاب کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا، لیکن اس نے پرنسپلز اور اسکولوں کے سربراہوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ طلباء مقرر کردہ لباس کے علاوہ کوئی دوسرا لباس نہ پہنیں۔انہوں نے کہا ’’ہمیں شبہ ہے کہ یہ لڑکیوں کو حجاب پہننے کی حوصلہ شکنی کرنے کا اقدام ہے۔ طالبات خوف کی وجہ سے حجاب نہیں پہن سکتیں۔ لہٰذا، ہم انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ حکم واپس لے‘‘
انہوں نے الزام لگایا کہ ہر قانون کو اس طرح سے مسلط کیا گیا کہ اس نے رسم و رواج، مذہبی عقائد، کھانے پینے کی عادات اور لباس پہننے کے انداز کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے جن کی پیروی جزیروں کے باشندے صدیوں سے کرتے آئے ہیں۔
لکشدیپ یوتھ کانگریس کے رہنما علی اکبر نے، جن کی پارٹی نے سرکلر کے خلاف احتجاج کیا تھا، کہا کہ اگرچہ اسکول کے حکام نے حجاب پہننے کے لیے طالب علموں سے پوچھ گچھ نہیں کی، لیکن یہ حکم اگلے ہفتے سے نافذ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلاک ڈیولپمنٹ دفاتر اور محکمہ تعلیم کے دفاتر تک مارچ کریں گے۔
کانگریس لیڈر اور سابق ایم پی محمد حمداللہ سعید نے الزام لگایا کہ نیا سرکلر خطے کی اندرونی ثقافت اور طرز زندگی پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی حکومت اور لکشدیپ انتظامیہ مسلسل عوام دشمن پالیسیوں کو نافذ کرنے کی کوشش کر رہی تھیں جو جزائر کی ثقافت اور اخلاقیات کے بالکل خلاف تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم ایسی کسی ہدایت کی اجازت نہیں دیں گے جو لکشدیپ کی ثقافت اور موجودہطرز زندگی کو تباہ کر دے۔ اس طرح کے الزامات جمہوری نظام میں ناپسندیدہ تناؤ اور مسائل پیدا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
جزیرے کے ساکنین اس سرکلر کی بھی مخالفت کر رہے ہیں جس میں جزیرے پر شراب کی فروخت اور استعمال کی اجازت دینے کی کوشش کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ 2021ء میں سی ایم پی ایم پی ایلامارم کریم نے اس وقت کے صدر رام ناتھ کووند کو خط لکھا تھا کہ مسٹر پٹیل کو ایڈمنسٹریٹر کے عہدے سے ہٹا دیا جائے۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر پر جزیرے کی مذہبی اور ثقافتی شناخت کو تباہ کرنے کا الزام تھا۔ مسٹر پٹیل پر مویشیوں کے تحفظ کے نام پر گائے کے گوشت پر پابندی لگانے کا بھی الزام ہے۔
ایلامارم کریم نئی شراب پالیسی کی بھی مخالفت کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فائیو اسٹار ہوٹلوں اور کچھ سیاحتی مقامات پر شراب کی فروخت کی اجازت ہو سکتی ہے لیکن پورے لکشدیپ میں شراب کی فروخت کی اجازت دینا لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا باعث ہے۔
(بشکریہ: انڈیا ٹومارو ڈاٹ نیٹ)
***

 

***

 حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکلر میں سرکاری اسکولوں میں یونیفارم پر سختی سے عمل درآمد کے لیے کہا گیا ہے۔ اس اقدام کی طلبہ اور ان کے والدین کی جانب سے شدید مخالفت کی جارہی ہے۔ چونکہ سرکلر میں یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یونیفارم کے ساتھ حجاب کی اجازت ہے یا نہیں، طلباء اور ان کے والدین کو خدشہ ہے کہ اس کے نتیجے میں مستقبل میں حجاب پر پابندی لگ سکتی ہے۔


ہفت روزہ دعوت – شمارہ 27 اگست تا 03 ستمبر 2023