لاہور: انارکلی مارکیٹ میں دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق، 20 زخمی

نئی دہلی، جنوری 20: دی ڈان کی خبر کے مطابق جمعرات کو لاہور کی انارکلی مارکیٹ میں ایک دھماکے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔

لاہور کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (آپریشنز) عابد خان نے بتایا کہ دھماکے سے ایک گڑھا پڑ گیا ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ بم کی وجہ سے ہوا ہے۔

خان نے کہا ’’ہماری تکنیکی ٹیم شواہد اکٹھا کر رہی ہے۔ ہم ان کے تجزیے کی بنیاد پر کسی نتیجے پر پہنچیں گے۔‘‘

لاہور پولیس کے ترجمان رانا عارف کا کہنا تھا کہ بم ایک موٹر سائیکل پر رکھا گیا تھا۔ تاہم انھوں نے مزید معلومات نہیں دیں۔

سوشل میڈیا پر منظر عام پر آ رہی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بازار کے ایک علاقے سے آگ نکل رہی ہے اور لوگ وہاں سے فرار ہو رہے ہیں۔

زخمیوں کو شہر کے مایو ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پی ٹی آئی نے پولیس حکام کے حوالے سے بتایا کہ دھماکہ انارکلی مارکیٹ کی پان منڈی میں ہوا، جہاں ہندوستانی مصنوعات فروخت ہوتی ہیں۔

دھماکے سے متعدد موٹر سائیکلوں اور اسٹالز کو نقصان پہنچا ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور پورا بازار بند کر دیا گیا ہے۔

دی ڈان کے مطابق پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انسپکٹر جنرل آف پولیس کو دھماکے کی رپورٹ پیش کرنے کو کہا ہے۔

انھوں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذمہ داروں کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

بزدار نے کہا کہ اس واقعے کا مقصد امن و امان کی فضا کو سبوتاژ کرنا ہے۔ دھماکے کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے بھی واقعے کی مذمت کی اور حکام سے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے کہا۔ انھوں نے پنجاب حکومت سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔