کیرالہ: این آئی اے نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا سے منسلک 56 مقامات پر چھاپے مارے

نئی دہلی، دسمبر 29: پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے جمعرات کو کیرالہ میں کالعدم مسلم تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا سے منسلک 56 مقامات پر چھاپے مارے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق جن احاطوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، ان میں تنظیم کے دوسرے درجے کے رہنماؤں کے گھر بھی شامل ہیں۔ ستمبر میں مرکز نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا اور اس کے ساتھیوں پر مبینہ طور پر دہشت گرد گروپوں کے ساتھ روابط رکھنے کے الزام میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ کے تحت پانچ سال کے لیے پابندی لگا دی تھی۔

دی ہندو کی خبر کے مطابق جمعرات کی اولین ساعتوں میں شروع ہونے والے چھاپے ترواننت پورم، کولم، کوٹیم، الاپپوزا، پٹھانمتھیٹا، کوزی کوڈ اور ملاپورم کے اضلاع میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے مشتبہ کارکنوں کو نشانہ بنایا گیا۔

چھاپے مارنے والوں میں ٹیکس اہلکار بھی شامل تھے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ارکان کی ٹیکس فائلنگ سمیت نجی مالیاتی معلومات اکٹھی کرنا چاہتی ہے۔

پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر پابندی کے بارے میں حکومتی نوٹیفکیشن میں الزام لگایا گیا تھا کہ مسلم تنظیم اپنی آٹھ ذیلی تنظیموں کے ساتھ ’’پرتشدد دہشت گردانہ سرگرمیوں‘‘ میں ملوث ہے اور اس کا مقصد ملک میں دہشت گردی کا راج قائم کرنا ہے، جس سے سیکورٹی اور امن عامہ کو خطرہ لاحق ہے۔