کرناٹک اسمبلی انتخابات: بی جے پی نے اپنے منشور میں یکساں سول کوڈ اور این آر سی نافذ کرنے کا وعدہ کیا
نئی دہلی، مئی 1: بھارتیہ جنتا پارٹی نے پیر کو کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لیے اپنا منشور جاری کیا اور وعدہ کیا کہ وہ جنوبی ریاست میں یکساں سول کوڈ کے ساتھ ساتھ شہریوں کے قومی رجسٹر کو بھی نافذ کرے گا۔
’’یکساں سول کوڈ‘‘ سے مراد ایک مجوزہ مشترکہ ذاتی قانون ہے جو مذہب اور کمیونٹی کے قواعد سے قطع نظر تمام ہندوستانیوں کے لیے شادیوں، طلاق، جانشینی اور گود لینے جیسے معاملات کے لیے ایک جیسا قانون ہوگا۔
این آر سی (نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز) ایک مشق ہے جس کا مقصد ملک میں مقیم غیر دستاویزی تارکین وطن کی شناخت کرنا ہے۔
کرناٹک اسمبلی انتخابات 10 مئی کو ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 13 مئی کو ہوگی۔
بی جے پی نے پیر کے روز کہا کہ ریاست میں شہریوں کے قومی رجسٹر کا نفاذ ’’تمام غیر قانونی تارکین وطن کی تیزی سے ملک بدری‘‘ کو یقینی بنائے گا۔
بی جے پی کے صدر جے پی نڈا نے منشور جاری کرتے ہوئے کہا کہ یکساں سول کوڈ کے نفاذ کی سفارشات پیش کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
نڈا نے کہا ’’آئین ہمیں یکساں سول کوڈ کی سمت کی طرف بڑھنے کی اجازت دیتا ہے۔ سب کے ساتھ انصاف اور کسی کی بھی خوشامد نہ کرنا ہماری پالیسی ہے۔‘‘
نڈا نے مزید کہا کہ زعفرانی پارٹی کا منشور چھ موضوعات پر مرکوز ہے، خوراک کی حفاظت، معیاری تعلیم، سستی اور قابل رسائی صحت کی دیکھ بھال، آمدنی میں مدد، سماجی انصاف کے ساتھ ساتھ ترقی اور خوش حالی۔
بی جے پی نے اپنے منشور میں غربت کی لکیر سے نیچے تمام خاندانوں کو تین مفت کھانا پکانے کے گیس سلنڈر دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔