کرناٹک ہائی کورٹ نے ٹویٹر سے کانگریس اور بھارت جوڑو یاترا کے اکاؤنٹس کو بلاک کرنے کے حکم کو کالعدم قرار دیا
نئی دہلی، نومبر 8: کرناٹک ہائی کورٹ نے منگل کو ایک نچلی عدالت کے اس حکم کو کالعدم قرار دے دیا جس میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر سے کہا گیا تھا کہ وہ کانگریس کے مرکزی اکاؤنٹ اور اس کی بڑے پیمانے پر متحرک مہم بھارت جوڑو یاترا کے اکاؤنٹ کو عارضی طور پر بلاک کردے کیوں کہ ایک میوزک لیبل کی جانب سے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔
پیر کے روز ایڈیشنل سٹی سول جج لتھا کماری ایم نے ٹویٹر سے کہا تھا کہ وہ دو ہینڈلز INCIndia@ اور BharatJodo@ کو 21 نومبر کو سماعت کی اگلی تاریخ تک بلاک کر دے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں اکاؤنٹس نے غیر قانونی طور پر کنڑ فلم کے جی ایف 2 کے ساؤنڈ ریکارڈس کا استعمال کیا ہے۔
جسٹس جی نریندر اور پی این دیسائی کی ڈویژن بنچ نے منگل کو اس شرط پر اس حکم کو کالعدم کردیا کہ کانگریس تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کرنے والے تین ٹویٹس کو ہٹا دے۔
ایم آر ٹی میوزک کا انتظام کرنے والے ایم نوین کمار کی شکایت پر 4 نومبر کو کانگریس لیڈر راہل گاندھی، جے رام رمیش اور سپریا شرینے کے خلاف کاپی رائٹ ایکٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ اور تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت یشونت پور پولیس اسٹیشن میں پہلی اطلاعی رپورٹ درج کی گئی تھی۔
شکایت کنندہ نے الزام لگایا تھا کہ رمیش نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھارت جوڑو یاترا کے دو ویڈیوز پوسٹ کیے، جن میں فلم کے مقبول گانوں کو بغیر اجازت استعمال کیا گیا۔