جسٹس یو یو للت نے ہندوستان کے اگلے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا

نئی دہلی، اگست 27: جسٹس ادے امیش للت نے ہفتہ کو ہندوستان کے 49ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا۔ صدر دروپدی مرمو نے 27 اگست کو راشٹرپتی بھون میں منعقدہ ایک تقریب میں انھیں حلف دلایا۔

للت نے جسٹس این وی رمنا کی جگہ لی ہے جو جمعہ کو اس عہدے سے سبکدوش ہوئے تھے۔ ان کی میعاد 74 دن تک رہے گی، اس دوران وہ اس کالجیم کے بھی سربراہ ہوں گے جو ملک بھر میں ججوں کی تقرری کرتا ہے۔

حلف برداری کی تقریب میں نائب صدر جگدیپ دھنکھر، وزیر اعظم نریندر مودی اور دیگر مرکزی وزرا نے شرکت کی۔

جسٹس للت کو اگست 2014 میں ایک وکیل سے براہ راست سپریم کورٹ کا جج بنایا گیا تھا، جس سے وہ ہندوستان کے چیف جسٹس بننے والے دوسرے ایسے جج ہیں۔ ایک وکیل کے طور پر للت کو 2G سپیکٹرم کیس کے مقدمے کے لیے خصوصی پبلک پراسیکیوٹر بھی مقرر کیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ، چیف جسٹس کے طور پر للت کے پہلے دن 29 اگست کو کچھ اہم درخواستوں پر سماعت کرے گی۔ سماعت کے لیے درج فہرست میں شامل کچھ معاملات میں 2016 میں حکومت کے نوٹ بندی کے عمل سے متعلق درخواستیں، اقتصادی طور پر کمزور طبقوں کے تحفظات، اور WhatsApp کی رازداری کی پالیسی کو چیلنج شامل ہیں۔

جسٹس للت نے انڈین ایکسپریس کے ساتھ ایک انٹرویو میں اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت کے بارے میں بات کی تھی کہ اہم مقدمات کو عدالتوں میں ترجیحی بنیادوں پر سماعت کے لیے درج کیا جائے۔

سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس این وی رمنا کو الوداع کرنے کے لیے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے للت نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ ’’مقدمات کی فہرست سازی کے عمل کو ہر ممکن حد تک آسان اور شفاف بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے‘‘ اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کم از کم ایک آئینی بنچ سال بھر کام کرتا ہے۔